ممبئی: (ویب ڈیسک) انڈیا میں ایک بار پھر کورونا کیسز بڑھنے لگے ہیں۔ کرینہ کپور اور امریتا اروڑا کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اب سلمان خان کے گھر بھی کورونا پہنچ گیا ہے اور ان کی فیملی کا ایک خاص فرد بھی اس کا شکار ہو گیا ہے۔ انڈین میڈیا کے مطابق سہیل خان اور سنجے کپور کی بیویاں یعنی سیما خان اور مہیپ کپور بھی کووڈ 19 کا شکار ہو گئی ہیں۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ سلمان خان کے چھوٹے بھائی سہیل خان کی اہلیہ سیما خان گھر میں زیر علاج ہیں۔ ساتھ ہی سنجے کپور نے بھی اپنی اہلیہ کے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبر کی تصدیق کی ہے۔ سنجے کپور نے کہا ہے کہ مہیپ کو کورونا ہوا ہے لیکن اس میں معمولی علامات ہیں۔ اس نے خود کو الگ تھلگ کر لیا ہے اور پوری احتیاطی تدابیر اختیار کر رہی ہے۔ خیال رہے کہ سیما خان اور مہیپ کپور کے درمیان گہری دوستی ہے۔ دونوں اکثر ایک ساتھ پارٹیوں میں آتی جاتی ہیں۔یہ دونوں اپنی دیگر دوستوں کے ساتھ گذشتہ سال نیٹ فلکس کے لیے کرن جوہر کی بنائی گئی سیریز 'فیبلوس لائف آف بالی ووڈ وائف' میں نظر آئی تھیں۔ دونوں کاروباری خواتین ہیں اور ممبئی میں اپنا کاروبار چلاتی ہیں۔ سیما مہیپ سے پہلے کرینہ اور امریتا کے کورونا مثبت ہونے کی خبریں آئی تھیں۔ انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کرینہ نے لکھا تھا میرا کووڈ ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے۔ جس کے بعد میں نے خود کو الگ تھلگ کر لیا ہے اور تمام میڈیکل پروٹوکول پر عمل کر رہی ہوں۔ کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ میں ان تمام لوگوں سے درخواست کرتی ہوں جو مجھ سے رابطے میں رہے، وہ اپنا کووڈ ٹیسٹ کروا لیں۔ میرے خاندان اور میرے عملے کو کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں مل چکی ہیں۔ فی الحال ان میں سے کسی میں بھی کوئی علامت نہیں ہے۔ شکر ہے میں بہتر محسوس کر رہی ہوں اور جلد صحتیاب ہو جاؤں گی۔