لاہور (پبلک نیوز) حکومت کے خلاف عدم اعتماد، مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی رہنما سے تعاون مانگ لیا۔ پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے تحریک عدم اعتماد کے لئے اتحادیوں کے بعد پی ٹی آئی اراکین کو ساتھ ملانے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ ذرائع کے مطابق جے یو آئی سربراہ کی پی ٹی آئی کے ناراض رہنما جہانگیر ترین سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات پرسوں شام لاہور میں نامعلوم مقام پر ہوئی جو کہ تقریباً آدھا گھنٹہ جاری رہی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات مشترکہ دوستوں نے کروائی۔ مولانا فضل الرحمان چودھری برادران سے ملاقات کے بعد جہانگیر ترین سے ملے۔ مولانا فضل الرحمان نے موجودہ صورت حال اور مستقبل کےمعاملات پر جہانگیر ترین اور ان کے دوستوں کا تعاون طلب کیا۔ دوسری جانب جمیعت علمائے اسلام کے ترجمان اسلم غوری نے خفیہ ملاقاتوں کی سختی سے تردید کردی۔ اسلم غوری کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کے حوالے سے جن سے بھی ملاقاتیں کریں گے اعلانیہ ہوں گی۔ اسلم غوری کے مطابق پی ڈی ایم جلد جرگہ بنائے گی جو سب جماعتوں سے ملاقاتیں کرے گا۔