اعظم سواتی کی ضمانت منسوخی درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی

اعظم سواتی کی ضمانت منسوخی درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی
اسلام آباد ہائی کورٹ نے اداروں کے خلاف متنازع ٹویٹ کیس میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر محمد اعظم سواتی کی ضمانت منسوخی کی ایف آئی اے کی درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے اداروں کے خلاف متنازع ٹویٹ کیس میں اعظم سواتی کی ضمانت منسوخی کی ایف آئی اے کی درخواست پر سماعت کی ۔ دوران سماعت اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے موقف اختیار کیا کہ اعظم سواتی ضمانت کا غلط استعمال کر رہے ہيں ، انہوں نے دوبارہ اداروں سے متعلق متنازعہ گفتگو کی ہے ، اس کے ساتھ ہی انہوں نے متنازع گفتگو کا متن بھی پڑھ کر سنایا ۔ فاضل جج کے استفسار پر اسپیشل پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی پر فرد جرم عائد ہونی ہے ۔ عدالت نے رضوان عباسی کو یہ ہدایت کی کہ آپ اس طرف ابھی نہ جائیں ٹرائل جلد مکمل کروانے پر توجہ دیں ۔ اسپیشل پراسیکیوٹر کی درخواست پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی ۔ مقدمہ کا پس منظر گذشتہ سال نومبر میں اعظم سواتی کے ٹوئٹر اکاؤنٹس سے ایک متنازع ٹوئٹ کی گئی تھی جس کے بعد سے ایف آئی اے نے انہیں ان کے گھر سے ہی گرفتار کر لیا تھا ۔ ٹرائل کورٹ نے 21 دسمبر کو اعظم سواتی کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے دو لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) سینیٹر کی درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری منظور کی تھی ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔