امریکی ڈالر کی قدر میں کمی، مزید سستا ہونے کا امکان

امریکی ڈالر کی قدر میں کمی، مزید سستا ہونے کا امکان
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) کیساتھ معاہدے کے اثرات پاکستانی کرنسی پر بھی پڑنا شروع ہو چکے ہیں۔ اس اچھی خبر کیساتھ ہی انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی گئی۔ تفصیل کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی خبروں کے بعد انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت 210 اعشاریہ 10 روپے سے کم ہو کر209 روپے پر آ گئی ہے۔ جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 2 روپے سستا ہو کر 209 روپے پر دیکھا گیا۔ انٹربینک مارکیٹ میں آج جمعرات کو ٹریڈنگ کے دوران امریکی ڈالر 1 روپے 10 پیسے سستا ہوا۔ کرنسی ڈیلروں نے امید ظاہر کی ہے کہ آنے والے دنوں میں ڈالر مزید سستا ہونے کا قوی امکان ہے۔ خیال رہے کہ رواں ماہ پانچ جولائی کو سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں مئی میں آنے والے امریکی ڈالرز میں 32 فیصد اضافہ ہوا تھا۔ جون میں انٹربینک میں امریکی ڈالر کی قدر 212 روپے کے قریب پہنچ گئی تھی۔ تاہم چینی کنسورشیم کی جانب سے دو ارب 30 کروڑ ڈالر کا قرض ملنے اور آئی ایم ایف سے مذاکرات کے باعث ڈالر کی قدر میں ساڑھے 7 روپے تک کمی ہوئی تھی۔ گذشتہ روز انٹربینک مارکیٹ میں امریکی کرنسی ڈالر کی 210 روپے میں خرید وفروخت دیکھی گئی تھی۔ جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 2 روپے مہنگا ہوا اور 210 روپے 50 پیسے پر فروخت ہوا تھا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔