شمالی وزیرستان سے پولیو کے بارہویں کیس کی تصدیق

شمالی وزیرستان سے پولیو کے بارہویں کیس کی تصدیق
خیبر پختونخوا کے علاقہ شمالی وزیرستان پولیو جیسے موذی مرض کی آماجگاہ بنتا جا رہا ہے۔ تمام 12 کیسز شمالی وزیرستان سے ہی رپورٹ ہوئے ہیں۔ وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اور شمالی اضلاع وائرس کے لئے حساس قرار دیئے جا چکے ہیں۔ پولیو کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے مربوط اور موثر حکمت عملی ترتیب دی ہے۔ وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کیلئے متعدد بار پولیو مہمات کا انعقاد کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پولیو کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ پروگرام زیادہ سے زیادہ بچوں کو ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے متعدد حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ جس میں بڑی حد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے بچے صحت مند اور محفوظ مستقبل کے حق دار ہیں۔ تمام والدین کو حالات کی نزاکت کا احساس ہونا چاہیے۔ وائرس کے خاتمے کو قومی فریضہ سمجھتے ہوئے تمام پاکستانی اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ وزیر صحت نے اپنے بیان میں کہا کہ پولیو مہم کے دوران ورکرز کے لئے اپنے دروازے کھولیں اور ہر مہم میں بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنائیں۔ والدین اپنے بچوں کو ہر مہم میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔ دوسری جانب وفاقی سیکریٹری ہیلتھ محمد فخر عالم نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ہم اپنی کوششیں مزید تیز کر رہے ہیں۔ پولیو پروگرام اس مرض کے خاتمے کیلئے دن رات انتھک محنت کر رہا ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔