پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو ایک اور دھچکا لگا ہے شیل پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ نے شیل پاکستان لمیٹڈ میں اپنی ہولڈنگ فروخت کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے ۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شیل کا کہنا ہے کہ وہ شیل پاکستان کے77 فیصد حصص فروخت کردےگی اور کمپنی کا انتظام و انصرام خریدار کے حوالے کردےگی۔ خیال رہے کہ شیل پیٹرولیم کمپنی کو 2022 میں ڈالر کی قدر میں اضافے اور پاکستانی روپےکی قدر میں کمی کے باعث بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ کمپنی کو واجبات کی وصولی میں بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث کمپنی نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان شیل لمیٹڈ کا کہنا ہے کہ شیل پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ نے شیل پاکستان لمیٹڈ میں اپنی ہولڈنگ فروخت کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے، شیل پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ شیل پی ایل سی کے ماتحت ہے۔ ترجمان شیل پاکستان لمیٹڈ کا کہنا ہے کہ شیل پاکستان میں گذشتہ 75 سالوں سے کاروباری امور سرانجام دے رہا ہے، شیل کو پاکستان میں نمایاں ریٹیل فوٹ پرنٹ اور ایک مضبوط لبریکینٹس کاروبار حاصل ہے، کوئی بھی فروخت ٹارگٹڈ سیلز پروسز، بایئنڈنگ ڈاکیومینٹس پر عملدرآمد، اور قابل اطلاق ریگولیٹری منظوریوں کے حصول سے مشروط ہوگی۔ ترجمان ایس پی ایل نے کہا ہے کہ بین الاقوامی خریداروں کی جانب سے گہری دلچسپی دیکھنے میں آئی ہے، شیل پاکستان لمیٹڈ محفوظ اور قابل اعتماد آپریشنز فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے۔