انڈیا: انتہا پسند ہندوئوں نے مزار کی بے حرمتی کردی

انڈیا: انتہا پسند ہندوئوں نے مزار کی بے حرمتی کردی
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے علاقے نرمداپورم ضلع میں انتہا پسند ہندوئوں نے مزار کی بے حرمتی کرتے ہوئے اس کے سبز رنگ کو اپنے مذہبی رنگ میں تبدیل کر دیا۔ انڈین میڈیا کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔ صورتحال کنٹرول کرنے کیلئے علاقے میں بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہے کہ نامعلوم افراد کے خلاف تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 295 (A) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ علاقے کا امن خراب نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لیے بھی وسیع انتظامات کئے گئے ہیں۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اودھیش پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ نرمداپورم ضلع ہیڈ کوارٹرز سے تقریباً 40 کلومیٹر دور سمری ہرچند روڈ پر واقع مزار میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات کو توڑ پھوڑ اور کی اطلاع ملی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور معائنہ کے بعد مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ اس واقعہ کے منظر عام پر آنے کے بعد مسلمانوں کے ایک گروپ نے احتجاج کیا اور پانچ دہائیوں پرانے مزار کو بھگوا رنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔