ملکی حالات ناساز، پاک فوج الیکشن ڈیوٹی کیلئےاسوقت دستیاب نہیں،سیکرٹری دفاع

ملکی حالات ناساز، پاک فوج الیکشن ڈیوٹی کیلئےاسوقت دستیاب نہیں،سیکرٹری دفاع
اسلام آباد: سیکرٹری دفاع کا کہنا ہے کہ موجودہ ملکی حالات کی وجہ سے پاک فوج الیکشن ڈیوٹی کے لئے اس وقت دستیاب نہیں ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری اور ایڈیشنل سیکرٹری دفاع نے شرکت کی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک کے حالات، سرحدوں اور اندرون ملک فوج کی تعیناتی پر کمیشن کو بریفنگ دی گئی اور ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق وزارت دفاع نے بتایا کہ فوج کے بنیادی فرائض میں سرحدوں اور ملک کی حفاظت اولین ترجیح ہے، ملکی حالات کے باعث اس وقت پاک فوج الیکشن ڈیوٹی کیلئے دستیاب نہیں۔ حکام وزارت دفاع نے کہا کہ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال کا اثر فوج پر بھی ہے، موجودہ حالات کے پیشں نظر فیصلہ حکومت کرے گی، حکومت کا فیصلہ ہوگاکہ فوج کوبنیادی فرائض منصبی کی انجام دہی تک محدود رکھتی ہے یا فوج کو ثانوی فرائض یعنی الیکشن ڈیوٹی پرمامورکرتی ہے۔ وزارت دفاع کے مطابق الیکشن ڈیوٹی کی صورت میں فوج کوئیک رسپانس موڈ میں دسیتاب کی جاسکتی ہے، الیکشن میں اسٹیٹک موڈ میں ڈیوٹی سرانجام دینا ممکن نہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔