پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان
مہنگائی کی چکی میں پسی عوام کیلئے بری خبر، 16 مئی سے آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی ( اوگرا) نے ورکنگ مکمل کر لی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری آج حکومت کو بھجوائی جائے گی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر دی جانے والی سبسڈی ختم ہونے کا امکان ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) کے مطالبے پر پیٹرول پر 21 روپے 30 پیسے کی سبسڈی ختم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ڈیزل پر 51 روپے 52 پیسے کی سبسڈی دی جا رہی ہے جو ختم ہونے کا امکان ہے۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا دیں تو اس سے مہنگائی کا طوفان آجائے گا۔ یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد خیال رہے کہ اس سے قبل 28 اپریل کو وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کر دی تھی۔ قوم قوم کے نام ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی موجود قیمتیں آئندہ ماہ برقرار رہیں گی۔ پچھلی حکومت کی نالائقی، نااہلی اور غلطیوں کی سزا عوام کو نہیں دے سکتے۔ بعد ازاں مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی سخت شرائط پر قرض حاصل کرنے کے عوض عمران خان کی سابقہ حکومت نے طے کی تھیں۔ مہنگائی سے ستائی اور نڈھال عوام پر مزید بوجھ نہ ڈالنے کی حتی الامکان کوشش کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل خبریں آئی تھیں کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متوقع اضافے پر ڈیزل بحران کے معاملے پر حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری اضافے کا فیصلہ موخر کر دیا ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔