کراچی کے علاقے صدر میں گذشتہ دنوں ہونے والے بم دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ ایس ایچ او پریڈی سجاد خان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں قتل، اقدام قتل، انسداد دہشت گردی، ایکسپلوسیو ایکٹ اور املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ مقدمہ کالعدم علیحدگی پسند دہشتگرد تنظیم سندھو دیش ریولوشنری آرمی کے نامعلوم کارندوں کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ مددگار ون فائیو پر دھماکے کی اطلاع ملی۔ پولیس موقع پر پہنچی پہنچی تو 9 گاڑیاں، 4 موٹر سائیکلیں اور 10 افراد اس بم دھماکے سے متاثر تھے۔ صورتحال کے پیش نظر بم ڈسپوزل سکواڈ، کرائم سین یونٹ اور دیگر پولیس موبائلز کو طلب کیا۔ ایف آئی آر کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں ایک گاڑی مکمل تباہ جبکہ دیگر جزوی متاثر ہوئیں۔ دھماکے کے مقام سے تباہ شدہ سائیکل بھی ملی جسے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ (بی ڈی ایس) کی رپورٹ کے مطابق بم دھماکا ڈھائی کلو بارودی مواد سے کیا گیا، جس میں بال بیرنگ بھی تھے۔ اسے ٹائم ڈیوائس تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے دہشت گردوں نے سائیکل میں بم نصب کیا تھا۔ متن میں بتایا گیا کہ دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دس زخمی ہوئے۔ انٹیلی جنس ذرائع سے اطلاع ملی کہ سوشل میڈیا پر کالعدم علیحدگی پسند دہشتگرد تنظیم نے قبول کی۔