ویب ڈیسک : ٹرمپ کی طرف سے پورن سٹار ڈینیئلز کو منہ بند رکھنے کے لیے ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر کی رقم ادا کی تھی ۔ تین اور افراد کو بھی اسی طرح رقم دی تھی، ڈونلڈ ٹرمپ کے سیاسی مشیر نے بھی ان کے خلاف گواہی ریکارڈ کرادی ۔
رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے ماضی میں سیاسی فکسر (معاملات سلجھانے والے) مائیکل کوہن نے نیویارک کی ایک عدالت میں اپنی گواہی کے دوران جیوری کو بتایا 2016 کے صدراتی انتخابات سے عین قبل جب انہیں معلوم ہوا کہ پورن اسٹار سٹورمی ڈینیئلز اپنی اس کہانی کو بیچنے کی کوشش کر رہی ہیں جس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے 10 سال قبل ایک رات ٹرمپ کے ساتھ گزاری تھی، تو وہ بہت پریشان ہوئے۔
کوہن نے کہا کہ ٹرمپ کی پریشانی کی وجہ صدارتی انتخابات تھے اور ڈینیئلز کی کہانی کا شائع ہونا ان کی انتخابی مہم کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتا تھا۔
کوہن نے اپنی گواہی میں بتایا کہ ڈینیئلز کے عزائم کا علم ہونے پر ٹرمپ نے کہا کہ یہ ایک مکمل تباہی ہے۔ خواتین مجھ سے نفرت کریں
کوہن نے بتایا کہ ٹرمپ نے ان سے کہا کہ وہ انہیں ڈینیئلز کے معاملے سے نکلنے میں مدد دیں تاکہ صدارتی الیکشن بخوبی گزر جائے۔ اگر میں جیت گیا تو پھر اس کی کوئی اہمیت نہیں ہو گی کیونکہ میں صدر ہوں گا اور اگر ہار گیا تو مجھے اس کی کوئی پروا نہیں ہو گی۔
کوہن نے عدالت کو بتایا کہ ٹرمپ نے اس کہانی کے ان کی اہلیہ ملانیا تک پہنچنے کے بارے میں کسی تشویش کا اظہار نہیں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں ملینیا کے بارے میں نہیں سوچ رہا۔ وہ انتخابی مہم کے متعلق فکرمند تھے۔
کوہن کی گواہی کے موقع پر ٹرمپ کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ وہ کوہن کا بیان سن کر مسکراتے رہے اور جب انہوں نے ملانیا کا ذکر کیا تو ٹرمپ نے اپنا سر ہلا دیا۔
77 سالہ ٹرمپ پر الزام ہے کہ انہوں نے ڈینیئلز کو خاموش رکھنے کے لیے کوہن کے ذریعے ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر کی رقم ادا کی اور اس ادائیگی کو چھپانے کے لیے اپنے کاروباری کھاتوں میں خرد برد کی۔ پراسیکیوٹرز نے ٹرمپ پر اس جرم سے منسلک 34 دفعات لگائی ہیں۔
اس سے قبل پچھلے ہفتے سٹورمی ڈینیئلز مسلسل دو دن تک عدالت میں اپنی گواہی ریکارڈ کروا چکی ہیں۔
ٹرمپ نے اس الزام سے انکار کیا ہے کہ ڈینیئلز سے ان کی ملاقات ریاست نواڈا میں لیک ٹاہو کے معروف گولف ٹورنامنٹ میں ہوئی تھی۔ انہوں نے ڈینیئلز کو اپنا منہ بند رکھنے کے لیے رقم کی ادائیگی کے الزام کو بھی یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا کہ انہوں نے 2017 میں یہ رقم کوہن کو ان قانونی امور کے لیے دی تھی جو کوہن نے ان کے لیے انجام دیےتھے۔
کوہن کو ایک مقدمے میں سزا ہو چکی ہے جس میں سے انہیں ساڑھے 13 مہینے جیل میں گزارنے پڑے تھے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے ٹرمپ کے کہنے پر اسی طرح کے دوسرے دو معاملات میں لوگوں کو چپ رہنے کے بدلے رقم کی ادائیگی میں مدد دی تھی۔ ان ادائیگیوں کا مقصد بھی یہ تھا کہ ٹرمپ کی انتخابی مہم پر منفی اثر نہ پڑے اور وہ وائٹ ہاؤس پہنچنے میں کامیاب ہو جائیں۔
کوہن نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے ٹرمپ کی ایک پراپرٹی میں کام کرنے والی ایک لڑکی کو اپنا منہ بند رکھنے کے لیے 30 ہزار ڈالر کی ادائیگی کی تھی، جس نے جھوٹا دعویٰ کیا تھا کہ وہ ٹرمپ کے ایک بچے کی ماں ہے۔
انہوں نے ایک میگزین ’نیشنل انکوائرر‘ کے ساتھ ڈیڑھ لاکھ ڈالر کے معاہدے میں مدد دی تھی تاکہ وہ ایک ماڈل کیرین مکڈوگل کے ٹرمپ کے بارے میں دعوؤں کو شائع نہ کرے۔ ڈوگل کا دعویٰ تھا کہ 2006 اور 2007 کے دوران 10 ماہ تک ان کے ٹرمپ کے ساتھ تعلقات رہے تھے۔