ویب ڈیسک: امریکا میں ڈونلڈ ٹرمپ کے صدارتی مہم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی خفیہ اداروں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کی طرف سے ان کے قتل سے خبردار کیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ٹرمپ کی مہم کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر اسٹیون چیونگ نے بیان میں کہا کہ ’’صدر ٹرمپ کو ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس کے دفتر نے ایران کی جانب ممکنہ قاتلانہ حملے کے حقیقی خطرات کے بارے میں بریفنگ دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انٹیلی جنس حکام نے معلوم کیا ہے کہ پچھلے چند ماہ کے دوران مسلسل اور مربوط حملوں میں اضافہ ہوا ہے، اور تمام ایجنسیوں میں قانون نافذ کرنے والے اہلکار صدر ٹرمپ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں تاکہ مداخلت سے پاک انتخاب ہو۔
ایران نے ان الزامات کو مسترد کر دیا کہ وہ اس موسم گرما کے شروع میں ٹرمپ کو قتل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، اس کے فوراً بعد جب ایک بندوق بردار نے پنسلوانیا میں ایک ریلی میں فائرنگ کی، جس میں ایک شخص ہلاک اور صدارتی امیدوار زخمی ہو گیا۔
واضح رہے کہ ایران نے ڈونلڈ ٹرمپ پر حالیہ حملوں سے متعلق تمام امریکی میڈیا یا عہدیداروں کے دعویٰ کو مسترد کردیا تھا جن میں کہا گیا تھا کہ حملوں کے پیچھے تہران کی سازش ہوسکتی ہے۔