ویب ڈیسک: علیمہ خان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عمران خان نے دوبارہ احتجاج کی کال پر بات کی ہے۔ احتجاج کا فائنل راؤنڈ ہے۔ مریم نواز پنجاب میں ہمیں روکنے کی کوشش کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہربانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کی ہے۔ اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے 24 نومبر کی احتجاجی کال سے متعلق آج دوبارہ بات کی ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا ٹائیگرز، طلباء اور نوجوانوں کو مخاطب کیا ہے۔
بانی نے کہا نوجوان اپنے مستقبل کیلئے کھڑے ہوں۔ نوجوان پاکستان چھوڑ کر نہ جائیں۔ نوجوانوں نے پاکستان کو اب بچانا ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کو پیغام دیا ہے وہ 24 اکتوبر کو پوری دنیا میں احتجاج کریں۔ 24 تاریخ کی تیاری کریں۔ یہ فائنل راؤنڈ ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے احتجاج ہمارا آئینی حق ہے۔ احتجاج کیلئے حکمت عملی ترتیب دیں۔ حکومت کتنے لوگوں کو گرفتار کرے گی۔ ہم نے آزادی کیلئے کھڑا ہونا ہے۔ 80 سال کی آنثیوں کو بھی احتجاج میں شامل کریں۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ کراچی اور کوئٹہ والوں کے لئے پیغام ہے وہ اپنے صوبوں میں احتجاج کریں۔ جب تک مطالبات نہیں مانے جاتے احتجاج جاری رہے گا۔ یہ کال بانی پی ٹی آئی کی کال ہے اور اس پر پورا عمل ہوگا۔ بانی پی ٹی آئی نے براہ راست سب کو پیغام دیا ہے۔ پانچ اکتوبر کا احتجاج چھبیسویں آئینی ترمیم کے خلاف تھا۔ اس احتجاج میں ایم این ایز اور ایم پی ایز آگے ہوں گے۔
علیمہ خان نے بتایا کہ مریم نواز پنجاب میں غیر آئینی کام کرکے ہمیں روکنے کی کوشش کرے گی۔ ہم نے پھر بھی اسلام آباد پہنچنا ہوگا۔ ہم اگر اکیلے ڈی چوک پہنچے گرفتار بھی ہوئے 24 نومبر کو بھی لوگ پہنچیں گے۔ عوام کو اپنے مستقبل کیلئے نکلنا ہے۔
علیمہ خان کا مزید کہنا تھا کہ عوام جب نکلے گی تو ہمارا بھائی بھی باہر آئے گا۔
وکلاء اور رہنماؤں کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت مل گئی:
بانی پی ٹی آئی کے وکلاء اور رہنماؤں کو ملاقات کی اجازت مل گئی۔
ملاقات کرنے والوں میں علی بخاری، فیصل چوہدری، ابوذر سلمان نیازی ایڈووکیٹ شامل ہیں۔ شعیب شاہین اور مشال یوسفزئی بھی ملاقات کے لئے اڈیالہ جیل کے اندر چلے گئے۔