ایرانی حملے کے بعد امریکا کا اسرائیل میں میزائل ڈیفینس سسٹم ’تھاڈ‘ نصب کرنے کا اعلان

ایرانی حملے کے بعد امریکا کا اسرائیل میں میزائل ڈیفینس سسٹم ’تھاڈ‘ نصب کرنے کا اعلان

(ویب ڈیسک )  رواں ماہ اسرائیل پر ایرانی بیلسٹک میزائل حملے کے بعد امریکا نے اسرائیل میں میزائل ڈیفینس سسٹم ’ تھاڈ‘ نصب کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پینٹاگون کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے ’ اسرائیل کے دفاع‘ کے لیے دفاعی میزائل سسٹم ’ تھاڈ‘ عملے سمیت اسرائیل بھجوانے کا اعلان کیا ہے۔

یکم اکتوبر کو ایران نے اسرائیل پر 200 کے قریب بیلسٹک میزائل داغے تھے اور ایرانی پاسداران انقلاب نے دھمکی دی تھی کہ ’اگر اسرائیل نے جوابی کارروائی کی تو ایران مزید حملے کرے گا۔‘

ان حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اسرائیل نے اپنے تمام میزائل دفاعی نظام استعمال کیے جن میں کم فاصلے تک مار کرنے والے راکٹوں کے لیے بنائے گئے آئرن ڈوم سسٹم سے لے کر ایرو سسٹم بھی شامل ہے جو فضا اور خلا سے داغے گئے بیلسٹک میزائلوں کو تباہ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔اس حملے کے بعد اسرائیلی وزیرِ دفاع یوو گیلنٹ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا جوابی حملہ ’مہلک اور عین نشانے‘ پر ہوگا۔

پینٹاگون کا کہنا ہے امریکہ کا تھاڈ سسٹم بھجوانے کا فیصلہ اس کے اسرائیل اور وہان مقیم امریکیوں کو ممکنہ ایرانی بیلسٹک میزائل حملوں سے بچانے کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔

اس سے قبل گذشتہ سال سات اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملے کے بعد امریکہ نے تھاڈ سسٹم مشرقِ وسطیٰ بھجوایا تھا۔ یاد رہے کہ 2019 میں بھی امریکہ نے ٹریننگ اور دفاعی مشقوں کے لیے تھاڈ سسٹم اسرائیل بھجوایا تھا۔

تھاڈ میزائل سسٹم کیا ہے اور کیسے کام کرتا ہے؟

تھاڈ نظام کے ذریعے مختصر اور درمیانے فاصلے تک نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والے بیلسٹک میزائل کو اس وقت مار گرایا جا سکتا ہے جب وہ اپنی پرواز کے آخری مرحلے میں ہوتا ہے۔

اس نظام کی رینج 200 کلومیٹر ہے اور یہ 150 کلومیٹر کی بلندی تک کام کرتا ہے۔

دشمن کی جانب سے میزائل داغے جانے کی صورت میں تھاڈ کا ریڈار سسٹم اس کا پتا لگا لیتا ہے۔

تھاڈ کا ریڈار سسٹم یہ معلومات اپنے کمانڈ اور کنٹرول سسٹم کو بھیجتا ہے جو فوراً ایک انٹرسیپٹر میزائل لانچ کرنے کی ہدایت جاری کرتا ہے۔

انٹرسیپٹر میزائل کو دشمن کی جانب سے داغے گئے میزائل کی جانب فائر کیا جاتا ہے۔ بیلیسٹک میزائل کو اس کی پرواز کے آخری مرحلے میں مار گرایا جاتا ہے۔

تھاڈ کے ایک لانچر ٹرک پر آٹھ انٹرسیپٹر میزائل نصب ہوتے ہیں۔

Watch Live Public News