تل ابیب( ویب ڈیسک ) اسرائیل کی ایک جیل سے 6 قیدیوں کے فرار کے بعد ؒ قیدیوں سے غیر انسانی سلوک، فلسطینیوں نے بھوک ہڑتال شروع کر دی جس کے بعد اب 1380 قیدی احتجاج کرنے میں مصروف ہیں اور یہ تعداد مزید بڑھنے کا بھی امکان ہے۔ فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کے فلسطینی قیدی امور کمیشن نےانکشاف کیا ہے کہ کہ اسرائیلی جیلوں میں 1380 فلسطینی قیدی اس وقت بھوک ہڑتال پر ہیں ، یہ اقدام 6 قیدیوں کے فرار کے بعد ان کے خلاف غیر انسانی سلوک کے جواب میں اٹھایا گیا ہے کیونکہ اسرائیلی حکام اپنی غلطی کی سزا ان قیدیوں کو دے رہے ہیں اور ان پر سختیاں کر رہے ہیں۔ یہ ہڑتال اس وقت اسرائیل کی متعدد جیلوں میں جاری ہیں جس میں ریمنڈ جیل سے 400 قیدی ، اوفر جیل سے 300 قیدی ، نافہ جیل سے 200 قیدی ، میگڈو جیل سے 200 قیدی ، گلبوہ جیل سے 100 قیدی بھوک ہڑتال کئے ہوئے ہیں۔ مغربی میڈیا نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ یہ ہڑتال گلبوہ جیل میں چھ قیدیوں کے فرار کے بعد شروع ہوئی جو اب ایک تحریک کی شکل اختیار کر چکی ہے اور اس میں بھوک ہڑتالیوں کی تعداد ہر نئے دن بڑھ رہی ہے، مزید 100قیدیوں نے دھمکیاں دے رکھی ہیں کہ اگر اسرائیل نے جیلوں میں غیر انسانی سلوک بند نہ کیا تو اس جمعہ سے وہ بھی اس بھوک ہڑتال میں شامل ہو جائیں گے۔