ایلون مسک نے ٹوئٹر کے 100 فیصد شیئرز خریدنے کی پیش کش کردی

ایلون مسک نے ٹوئٹر کے 100 فیصد شیئرز خریدنے کی پیش کش کردی
کیلیفورنیا (ویب ڈیسک ) امریکی کار ساز کمپنی ٹیسلا کے مالک ایلون مسک نے ٹوئٹر کے 100 فیصد شیئرز خریدنے کی پیش کش کردی۔ وہ چند روز قبل ٹوئٹر کے 7 کروڑ 3 لاکھ حصص خرید کر سب سے بڑے شیئر ہولڈر بن چکے ہیں۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے رپورٹ کیا، کہ اسٹاک ایکسچینج میں فائل کئے گئے نوٹس کے مطابق ایلون مسک نے 54 اعشاریہ 20 ڈالر فی شیئر آفر دی ہے، جو کہ رواں سال جنوری 28 کی فی شیئر کلوزنگ قیمت سے 54 فیصد زیادہ ہے۔ ادھر ٹوئٹر انتظامیہ نے بھی ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کی جانب سے کمپنی خریدنے کی پیش کش کی تصدیق کردی ہے۔ ان کی پیش کش میں کمپنی کی کل مالیت41 بلین ڈالرلگائی گئی ہے.سوشل میڈیا کمپنی کے مطابق ٹوئٹر بورڈ ٹیسلا چیف کی جانب سے پیش کش کی جانچ کرے گا۔ ٹوئٹر کی جانب سے جمعرات کو جاری کر دہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ ٹوئٹر بورڈ آف ڈائریکٹرز اس تجویز کا جائزہ لیں تاکہ ٹوئٹر اور اس کے اسٹیک ہولڈرز کے بہترین مفاد کے مطابق لائحہ عمل کا تعین کیا جاسکے‘۔ دوسری جانب رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر کے دوسرے بڑے شیئر ہولڈر سعودی ارب پتی الولید بن طلال نے ایلون مسک کی جانب سے کمپنی ٹیک اوور کرنے کی پیشکش کی مخالفت بھی کر دی ہے۔ خیال رہے کہ ٹوئٹر کے سب سے زیادہ شیئرز رکھنے والے ایلون مسک نے کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل نہ ہونے کا بھی فیصلہ کیا تھا۔ ایلون مسک ٹوئٹر پر آزادانہ روابط و گفتگو کی صلاحیت پر سوال اٹھا چکے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ یہ پلیٹ فارم جمہوریت کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ ایلون مسک کے ٹوئٹر پر 80 ملین (8 کروڑ) فالوورز ہیں۔ مسک نے 14 مارچ کو ٹوئٹر کے حصص خریدے تھے جبکہ وہ ٹوئٹر کے مقابلے میں ایک حریف سوشل میڈیا نیٹ ورک کے امکان کا بھی اظہار کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں بہتری لانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔