اسرائیل تنازعہ: ایرانی صدر پاکستان کا 2 روزہ اہم دورہ کریں گے

اسرائیل تنازعہ: ایرانی صدر پاکستان کا 2 روزہ اہم دورہ کریں گے
کیپشن: Israel conflict: Iranian President will pay a 2-day important visit to Pakistan

ویب ڈیسک: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی 22  اپریل کو 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔ ایران اور اسرائیل کے درمیان تنازعے کے بعد یہ ایرانی صدر کا پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا جوکہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نئی حکومت قائم ہونے کے بعد پہلے غیر ملکی سربراہ مملکت ہوں گے جو پاکستان کا دورہ کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق دورے میں ایران پاکستان گیس پائپ لائن پر پیشرفت اور امریکہ کی جانب سے ممکنہ پابندیوں سے بچنے کے آپشنز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اسلام آباد اور تہران کی جانب سے ابھی تک دورے کے شیڈول کا باضابطہ اعلان ہونا باقی ہے۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا دورہ اسلام آباد کا منصوبہ برقرار ہے۔ صدر رئیسی اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ہونے والی بات چیت میں حالیہ پیشرفت اور علاقائی سلامتی کی صورتحال نمایاں طور پر سامنے ہوگی۔

صدر آصف علی زرداری دورہ کرنے والے صدر کے اعزاز میں خصوصی دعوت کا اہتمام کریں گے۔ دورہ دونوں ممالک کے تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے جسے جنوری کے میزائل تبادلے میں عارضی دھچکا لگا تھا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ   صدر رئیسی کے ایجنڈے میں دو طرفہ تعلقات، سیکورٹی تعاون، گیس پائپ لائن اور ممکنہ آزاد تجارتی معاہدہ (ایف ٹی اے) شامل ہیں۔ ایرانی صدر کے دورے کے دوران دونوں فریقین افغانستان کی صورتحال اور مسئلہ فلسطین سمیت علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔