اسلام آباد (ویب ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر فہیم اشرف نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں پچ کا برتاؤ ہر گزرتے دن کے ساتھ تبدیل ہوتا جاتا ہے، پہلے دو دن کی نسبت آج پچ قدرے بہتر تھا، اس پچ سے ابھی بھی فاسٹ باؤلرز کو مدد مل رہی ہے، ویسٹ انڈیز کے باولرز نے آج بہت اچھی کارکردگی دکھائی ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کپتان اور میری خواہش ہے کہ زیادہ سے زیادہ دیر کریز پر ٹھہرنا ہے، کسی بھی ٹیسٹ میچ کی چوتھی اننگز بیٹنگ کے لیے آسان نہیں ہوتی، ہم مثبت حکمت عملی اپناتے ہوئے طویل پارٹنرشپ لگانے کی کوشش کریں گے، اختتامی لمحات پر اوورز گزارنے کی کوشش کررہے تھے کہ تاکہ کل تروتازہ ہوکر واپس آئیں ۔ فہیم اشرف نے کہا کہ کپتان کی صرف یہ ہدایت ہے کہ پارٹنرشپ لمبی کرنی ہے ، چاہتا ہوں ہر ٹیسٹ میں اپنی ٹیم کے لیے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کروں، اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں تو مجھ سے زیادہ میرے چھوٹے بھائی اور والدین خوش ہوتے ہیں،خواہش ہے ایسی کارکردگی ہو جس سے وہ خوش ہوجائیں۔