اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکمران جماعت تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن کی جانب سے ان کی تاحیات نااہلی کے فیصلے کو عدالت عالیہ میں چیلنج کردیا ہے۔ فیصل واوڈا کی جانب سے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چینلج کیا گیا ہے۔ فیصل واوڈا سندھ سے تحریک انصاف کی نشست پر 3 مارچ 2021 کو سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔ پی ٹی آئی رہنما نے وسیم سجاد ایڈووکیٹ کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست جمع کروائی ہے۔ اس درخواست میں کہا گیا ہےکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے رواں ماہ 9 فروری 2022ء کا نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فیصل واوڈا کو دوہری شہریت کیس میں تاحیات نااہل قرار دیا ہے۔ فیصلے میں بطور سینیٹر عہدے کا اعلامیہ بھی واپس لینے کا حکم دیا گیا تھا۔ اس حکم کے بعد فیصل واوڈا سے ان کا یہ پارلیمانی عہدہ واپس لے لیا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے فیصلے میں کہا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما نے جرم چھپانے کے لئے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دیا۔ وہ دو مہینوں میں تمام مالی مراعات واپس کریں۔