ملتان : ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے 9 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے تیسرے میچ میں پہلے احسان اللّٰہ کی بولنگ پھر رائیلی روسوو کی بیٹنگ کے باعث ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے کھیلتے ہوئے ملتان سلطانز کو 111 رنز کا ہدف دیا تھا جسے ملتان سلطانز نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 14ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا۔ ملتان سلطانز کی جانب سے رائیلی روسوو نے 78 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جبکہ کپتان محمد رضوان 38 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ شان مسعود 3 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 19ویں اوور میں 110 رنز پر بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے مارٹن گپٹل 7، عبدالواحد بنگلزئی 1، سرفراز احمد 2، عمر اکمل 11، محمد نواز 14 جبکہ جارح مزاج افتخار احمد صفر پر آؤٹ ہوئے۔ جیسن روئے 24، محمد حسنین 22 اور محمد حفیظ 18 رنز بنا سکے۔ ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر احسان اللہ نے کوئٹہ کی بیٹنگ لائن تباہ کردی، انہوں نے 4 اوورز میں صرف 12 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ثمین گل اور عباس آفریدی نے دو دو جبکہ اسامہ میر نے ایک وکٹ لی۔ خیال رہے کہ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔