لاہور: (ویب ڈیسک) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں انڈیا کو شکست دینے والی ٹیم کے اعزاز میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے کھلاڑیوں کو فی کس 15 لاکھ روپے کا انعام دیا ہے۔ گذشتہ روز نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں عشائیے سے پہلے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا نے قومی کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے۔ قومی ٹیم میں زیادہ تر کھلاڑی نوجوان ہیں۔ ہمارا مستقبل بھی نوجوانوں پر مشتمل ہونا چاہیے۔ ہم ٹیم نمبر ون بن سکتے ہیں۔ چیئرمین پی سی بی نے تقریب کے دوران ہر کھلاڑی کو سٹیج پر بلایا اور ان سے کھیل پر باتیں کیں اور کہا کہ میرے ہوتے آپ کو کبھی گھبرانا نہیں چاہیے۔ ہم اچھا ٹیلنٹ سامنے لانے کیلئے گراس روٹ لیول پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔ اس موقع پر رمیز راجا نے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم سے پوچھا کہ آپ نے ورلڈ کپ میں ٹیم کی قیادت کی۔ آپ ایسے موقع پر کبھی گھبرائے تو نہیں؟ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی میرے لئے ایک خاندان کی طرح ہیں۔ میں نے کبھی محسوس ہی نہیں کیا کہ میں ٹورنامنٹ میں کپتانی کر رہا ہوں۔ ورلڈ کپ کے سب سے یادگار لمحے بارے بتاتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ انڈیا کو شکست سے دوچار کرنا میرے لئے یادگار لمحہ اور بڑے اعزاز کی بات ہے۔ https://twitter.com/TheRealPCB/status/1482036683776401412?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1482036683776401412%7Ctwgr%5E%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Fwww.samaa.tv%2Furdu%2Fsports%2F2022%2F01%2F2498627%2F تمام کھلاڑیوں میں رقوم کی تقسیم کرتے ہوئے رمیز راجا نے کہا کہ یہ انعام آپ سب کی محنت سے کم ہے لیکن میں آپ لوگوں کی حوصلہ افزائی کیلئے یہ کرنا چاہتا تھا۔ مجھے امید ہے کہ تمام کھلاڑی آئندہ بھی بہترین پرفارمنس دینگے۔