تمام صوبائی حکومتیں وفاق کےساتھ ملکر پولیوکاخاتمہ کریں گی،وزیراعظم

تمام صوبائی حکومتیں وفاق کےساتھ ملکر پولیوکاخاتمہ کریں گی،وزیراعظم
اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رواں سال کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا۔وزیراعظم نے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان سے پولیو کے خاتمے کی مہم کا افتتاح کیا ، اس دوران وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے پولیو مہم میں بھی خلل آیا۔ اس کے باوجود پولیو ورکرزنے بڑے عزم اور محنت سے انسداد پولیو کیلئے اپنی ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بدقسمتی سے دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں پولیو کے کیسز سامنے آرہے ہیں۔ اس سے قبل میاں نواز شریف کے دور میں پاکستان پولیو سے مکمل طور پر پاک ہوچکا تھا لیکن گزشتہ چند ماہ میں پولیو کے بیس کیسز سامنے آئے ہیں تاہم اسے پھیلنے کی بجائے محدود کردیا گیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پولیو کے فرنٹ لائن ورکرز نے اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر اس عظیم مقصد کیلئے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔ تاریخ ان کو ہمیشہ سنہرے حروف میں یاد رکھے گی اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ چند ماہ میں پولیو کے نئے کیسز سامنے آنے سے پاکستان میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور ہمارے ساتھ عالمی ادارہ صحت، بل گیٹس سمیت دیگر فریقین جنہوں نے اس مہم میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے ان کے ساتھ بیٹھ کر وزارت صحت کے اعلیٰ حکام اس میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بل گیٹس سے بات ہوئی ان کی جانب سے تعاون پر شکرگزار ہیں، عالمی ادارہ صحت کے بھی شکرگزار ہیں جبکہ پورے عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھانے والے پولیو ورکرز کے بھی شکرگزار ہیں۔صوبائی حکومتوں، افواج پاکستان، وزارت صحت سمیت تمام فریقین کی مشترکہ کاوشوں سے ہم جلد پاکستان کو اس مشکل سے نجات دلانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔