لاہور ( پبلک نیوز) بزدار حکومت کی جانب سے زندہ دلان لاہور کیلئے بڑی خوشخبری۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر لاہور شہر میں جنگلات لگانے کا بڑا منصوبہ تیار۔ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ شجرکاری مہم کے تحت لاہور میں ایشیاء کا سب سے بڑامیاواکی جنگل لگایا جائے گا۔ میاواکی جنگل چائنہ پارک نزد سگیاں پل پر 100 کنال اراضی پر لگایا جائے گا۔ جنگل میں 112500درخت لگائے جائیں گے اور یہ ایشیاء کا سب سے بڑا میاواکی جنگل ہوگا۔ شجرکاری مہم کے تحت لاہور شہر میں 15 دیگرمقامات پربھی جنگل لگائے جائیں گے۔ میاواکی جنگلات میں ٹوٹل 292500 درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ گلشن اقبال پارک میں 50 کنا ل اراضی پر 58000، ٹاون شپ میں 50 کنال پر 58000 اور ٹاؤن شپ نرسری کی 12کنال اراضی پر میاواکی جنگلات میں 13500درخت لگائے جائیں گے۔ سی بلاک سبزہ زار، گنج سرکار سبزہ زار,قذافی پارک گلشن راؤی، سگیاں انٹرچینج، رستم پارک گلشن راؤی، کریم پارک گول باغ نزد داتا دربار، محمود بوٹی سائیڈون اور ٹو، گرین ٹاؤن، مصطفی بھٹی پارک ٹاؤن شپ، کشمیر پارک اور خالد بٹ پارک ٹاؤن شپ میں میاواکی جنگلات لگائے جائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سابق دور میں لاہور میں کنکریٹ کے پہاڑ کھڑے کر کے شہر کا حلیہ بگاڑا گیا۔ شہر میں درختوں کی بے دریغ کٹائی کر کے ماحول کو تباہ کیا گیا۔ ماضی کے حکمرانوں نے کرپشن کر کے سیاسی آلودگی پھیلائی اوردرخت کاٹ کر ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ کیا۔ جنگلات کی کمی ماحولیاتی بگاڑ کا باعث بن رہی ہے۔ درختوں سے ہی لاہور شہر میں سموگ اورآلودگی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا 10بلین ٹری سونامی پروگرام گیم چینجر ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پاکستان کو گرین اور کلین بنائیں گے۔ پودے لگا کر سموگ اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پائیں گے۔