لاہور ( پبلک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا جنرل ہسپتال میں خاتون اٹینڈنٹ کو ہراساں کرنے کے واقعہ کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے جنرل ہسپتال کے ایم ایس سے دو دن میں واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ سیکرٹری صحت محمد عامر جان کی ہدایت پر ایم ایس جنرل ہسپتال نے یورالوجی ڈائلیسیز یونٹ کے اہلکار غضنفر کو فوری معطل کر کے انکوائری کا حکم دے دیا۔ محمد عامر جان کا کہنا ہے کہ تفصیلی انکوائری رپورٹ آنے سے تمام حقائق کا پتہ چل جائے گا- اس واقعے میں ملوث اہلکار کے خلاف قانونی و انضباطی کارروائی کی جائے گی- اٹینڈنٹ خاتون کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔ سیکرٹری صحت کے مطابق انکوائری رپورٹ سامنے آنے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کو پیش کردی جائے گی۔