رنگ روڈ سکینڈل، 2 ملزمان جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کے حوالے

رنگ روڈ سکینڈل، 2 ملزمان جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کے حوالے
لاہور ( پبلک نیوز) جوڈیشل مجسٹریٹ لاہور نے راولپنڈی رنگ روڈ سکینڈل میں دو ملزمان کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کے حوالے کر دیا، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کا مؤقف ہے کہ ملزمان نے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع کچہری لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو راولپنڈی رنگ روڈ کیس میں ملزم سابق کمشنر اور ڈی جی پروجیکٹ محمد محمود اور ڈائریکٹر لینڈ ایکوزیشن وسیم تابش کو پیش کیا گیا۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 2018 میں رنگ روڈ منصوبہ کی منظوری دی گئی،جس میں ملزمان نے تبدیلی کر کے اسے کئی کلو میٹر بڑھا دیا، جس سے بعض ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو فائدہ پہنچایا گیا۔ ملزمان نے اس منصوبہ میں ان افراد کو ادائیگیاں کیں جن کی زمینیں رنگ روڈ میں نہیں آتی تھیں۔ مزید تحقیقات کے لیے ملزمان کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ ملزمان کے وکیل نے بتایا کہ تفتیشی آفیسر کو تمام سوالات کے جوابات دے چکے ہیں۔ اس معاملہ میں زلفی بخاری اور وزیر اعلیٰ سمیت دیگر کا نام بھی آیا مگر کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ یہ قتل کا کیس نہیں ہے کہ آلہ قتل برآمد کیا جانا ہے۔ عدالت جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزمان کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن حکام کے حوالے کرتے ہوئے دوبارہ انیس جولائی کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔