عدالت کاعمران خان کی ویڈیو لنک کےذریعے حاضری یقینی بنانےکاحکم

عدالت کاعمران خان کی ویڈیو لنک کےذریعے حاضری یقینی بنانےکاحکم
کیپشن: عدالت کاعمران خان کی ویڈیو لنک کےذریعے حاضری یقینی بنانےکاحکم

ویب ڈیسک:(سلیمان اعوان) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی سے متعلق جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور تھانہ شادمان جلاؤ گھیراو کے مقدمات میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگوانے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج خالد ارشد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور تھانہ شادمان نذر آتش کرنے کے مقدمات میں عبوری ضمانتوں پر سماعت کی، سابق وزیراعظم کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت وکیل نے دلائل دیے کہ جج صاحب، آج میں القادر ٹرسٹ کیس چھوڑ کر دلائل کے لیے پیش ہوا ہوں،بانی پی ٹی آئی عمران خان کی دوسری عدالت سے 4 مقدمات میں عبوری ضمانت ہو چکی،دوسری عدالت نے ملزم کے پیش ہوئے بغیر ہی فیصلہ سنا دیا تھا۔

اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس عدالت کے فیصلے کی کاپی پیش کی جائے۔

وکیل سلمان صفدر نے مزید کہا کہ جب آپ کہیں میں ضمانتوں پر دلائل دینے کو تیار ہوں، میں نے بہت کوشش کی کہ ملزم کی اڈیالہ جیل سے عدالت میں پیشی ہو سکے مگر پھر میں نے سمجھوتہ کر لیا کہ بغیر ویڈیو لنک کیس سن کر فیصلہ ہو جائے۔

وکیل نے استدعا کی کہ عمران خان کی ویڈیو لنک پر ایک جھلک ہی دکھا دی جائے۔

جج خالد ارشد نے ریمارکس دیے کہ میں نے ویڈیو لنک پر پیشی کے احکامات جاری کر دیے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی ایک جھلک دکھا دیں گے۔

وکیل نے کہا کہ اب جھلک دکھانا کچھ آسان ہے کیونکہ ان کی منہ دکھائی سپریم کورٹ میں ہو چکی ہے۔

 اس بات پر عدالت میں قہقے بلند ہوئے۔

عدالت نے وکیل کو ہدایت کی کہ آپ کل ساڑے 9 بجے ضمانتوں پر دلائل مکمل کریں، بانی پی آئی کی عبوری ضمانت کی درخواستیں ہائیکورٹ کے حکم سے بحال ہوئیں۔

عدالت نے ملزم کی اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک پر حاضری مکمل کرانے کا حکم دے دیا اور پراسیکیوشن کو مقدمات کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

چار مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی   حاضری کے بغیر میرٹ پر فیصلہ ہو چکا ہے،کورٹ نمبر 3 نے چار مقدمات میں ملزم کی عبوری ضمانتیں کنفرم کی  تھیں۔

بعد ازاں عدالت نے  بانی پی ٹی آئی عمران خان کی تین مقدمات میں عبوری ضمانت کی سماعت کل تک ملتوی  کردی۔

Watch Live Public News