لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی حفاظتی ضمانت 23 مئی تک منظور کرلی۔ لاہور ہائی کورٹ میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی حفاظتی ضمانت پر درخواست کی سماعت ہوئی۔ بشریٰ بی بی نے القادر ٹرسٹ کیس میں لاہور ہائی کورٹ میں حفاظتی ضمانت دائر کی تھی۔عدالت نے درخواست گزار بشریٰ بی بی کے پیش نہ ہونے پر اظہار ناراضی کیا۔ وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ سکیورٹی کے باعث بشریٰ بی بی ہائی کورٹ پیش نہیں ہوسکیں، عدالت کچھ دیر مہلت فراہم کرے۔عدالت نےوکیل کی استدعا پر سوا دوبجے تک پیش ہونے کا وقت دیا، جسٹس شہباز رضوی کا کہنا تھا کہ دو بجےکر 16 منٹ پر درخواست ضمانت مسترد کر دوں گا۔ عدالت کے دیےگئے وقت کے 10 منٹ بعد بشریٰ بی بی عدالت کے سامنے پیش ہوگئیں، اس موقع پر عمران خان بھی ان کے ہمراہ تھے،کمرہ عدالت میں پیشی کے وقت بشریٰ بی بی کے اردگرد سفیدکپڑےکا حصار بنایا گیا۔ جسٹس شہباز رضوی کا کہنا تھا کہ جو وقت دیا گیا تھا، درخواست گزار کو عدالت میں موجود ہونا چاہیے تھا، یہ وکیل اور عدالت دونوں کے لیے باعث شرمندگی ہے۔ عدالت نے 23 مئی تک بشریٰ بی بی کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔