ویب ڈیسک: بھارتی وزیرخارجہ ایس جے شنکر شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کانفرنس میں شرکت کے لیےاسلام آباد پہنچ گئے۔ جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ گزشتہ 9سالوں کے بعد کسی بھی بھارتی وزیر خارجہ کا یہ پاکستان کا پہلا اعلیٰ سطحی دورہ ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ کا طیارہ نور خان ایئربیس پر لینڈ کیا ۔بھارتی وزیر خارجہ کی پاکستان میں کسی پاکستانی حکام سے ملاقات شیڈول نہیں۔بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شریک ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق دونوں فریقوں نے سربراہی اجلاس کے موقع پر جے شنکر اور اسحاق ڈار کے درمیان کسی بھی دو طرفہ بات چیت کو مسترد کر دیا ہے۔
اسلام آباد پہنچنے کے فوراً بعد، بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے استقبال کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے دی گئی استقبالیہ ضیافت میں شرکت کریں گے۔
تقریباً نو سال بعد یہ پہلا موقع ہے جب بھارتی وزیر خارجہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔ مسئلہ کشمیر اور سرحد پار دہشت گردی پر دونوں ممالک کے تعلقات اب بھی منجمد ہیں۔
جے شنکر کا دورہ پاک۔بھارت تعلقات میں ایک اہم لمحہ ہوگا اور 9 سال کے وقفے کے بعد کسی بھارتی وزیر خارجہ کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ اس سے قبل دسمبر 2015 میں اُس وقت کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے افغانستان پر ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ ایس جے شنکر، جو اُس وقت بھارت کے خارجہ سیکریٹری تھے، وزیر خارجہ سشما سوراج کے ساتھ اس کانفرنس میں گئے تھے۔