ویب ڈیسک: بانی پی ٹی آئی ان دنوں مصائب کا شکار ہیں اڈیالہ جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں، حکومت کی جانب سے پابندیاں بھی لگائی گئیں ہیں، سائیکلنگ اور چہل قدمی پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ مزید سختیاں بڑھ گئیں ہیں، اس پر بانی پی ٹی آئی کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ نےاہم ٹویٹ کیا ہے۔
جمائما گولڈ سمتھ نے ایکس پر ٹویٹ کرتے لکھا کہ ’گزشتہ چند ہفتوں میں میرے بیٹوں کے والد عمران خان کے جیل میں ہونے والے سلوک کے حوالے سے سنگین اور تشویشناک پیش رفت ہوئی ہے,حکومت اہلخانہ، وکلا اور دیگر پر پابندی لگائی ہوئی کہ کوئی بھی اُن سے نہیں مل سکتا، عدالت احکامات کی خلاف ورزی کی جارہی ہے ، لندن میں مقیم بیٹوں سے بات نہیں کرائی جارہی۔
جمائما نے انکشاف کیاکہ ہمیں اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ جیل حکام نے ان کے سیل کی بجلی منقطع کردی ہے اور انہیں باہر جانے کی اجازت بھی نہیں ہے، جیل کے باورچی کو چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے،انہیں قید تنہائی میں آئسولیٹ میں رکھا ہوا ہے، ایسے سلوک پر اُن کے وکلا بھی پریشان ہیں۔
یہ کارروائیاں عمران کے خاندان کے ساتھ ساتھ ان کی پارٹی (پی ٹی آئی) کے اراکین اور حامیوں کو اور پاکستان میں تمام سیاسی اپوزیشن کو خاموش کرنے کی کوشش میں کی جارہی ہیں،عمران کے بھتیجے حسن نیازی جو ایک عام شہری ہیں اگست 2023 سے فوجی حراست میں ہیں۔
حال ہی میں عمران خان کی بہنوں عظمیٰ اور علیمہ خان کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، پرامن مظاہرہ کرنے پر انہیں حراست میں لیا گیا، ہم عمران خان،ان کی بہنوں اور بھتیجے کی رہائی کے ساتھ ساتھ بیٹوں کا اپنے والد سے رابطہ بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔