کوئٹہ ( پبلک نیوز ) وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کی حکومت کیخلاف امن و امان کی صورتحال پر قابو نہ پا سکنے اور مبینہ کرپشن کے الزامات پر اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی ، 16 ارکان اسمبلی کے دستخط جبکہ جام کمال کو وزارت اعلیٰ کے منصب سے ہٹانے کیلئے مزید 17 ارکان کی ضرورت ہے۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کی طرف سے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال پر امن و امان کی صورتحال پر قابو نہ پا سکنے اور مبینہ کرپشن کے الزامات تو کافی عرصے سے لگ رہے تھے مگر اب اپوزیشن نے عملی اقدام اٹھا لیا ہے، 16 ارکان نے جام کمال کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی ہے۔ تحریک عدم اعتماد جمع کروانے والے اپوزیشن ارکان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کی رائے دہی والے دن تمام نمبرز پورے ہو جائیں گے، ہم نے یہ اقدام اسی وجہ سے اٹھایا ہے کیونکہ ہمیں یقین ہے کہ ہم تحریک عدم اعتماد کو منظور کروا سکیں گے اور مطلوبہ نمبر بھی حاصل کر سکیں گے۔ بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوا نی نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کو واضح شکست ہو گی، انہیں برتری کیلئے مطلوبہ تعداد چاہئے ہو گی، تحریک عدم اعتماد لانا اپوزیشن کا حق ہے۔