کراچی(پبلک نیوز) انٹربینک میں ڈالر روپے کے مقابلے میں مزید مہنگا ہو گیا. انٹربینک میں ڈالر 169 روپے کی سطح بھی عبور کرگیا . ایک دن میں انٹربینک میں ڈالر56 پیسے مزید مہنگا ہوگیا، جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر 168.94 روپے سے بڑھ کر 169.50 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا. واضح رہے کہ 7 مئی2021 کو انٹربینک میں ڈالر 152.28 روپے پر تھا جبکہ گزشتہ چار ماہ میں ڈالر16 روپے 67 پیسے مہنگا ہوچکا ہے۔ ایک طرف ڈالر کی قیمت پاکستان کی تاریخ میں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور روپے کی قدر میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ دوسری طرف حکومت کی طرف سے مسلسل پاکستانی معیشت میں بہتری کے دعوے کئے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب ڈالرتاریخ کی بلند ترین سطح پر ہونے کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع دی گئی ہے. قرارداد مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی ربعیہ نصرت کی جانب سے جمع کرائی گئی. قرارداد کے متن کے مطابق پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے پر تشویش کا اظہار کرتا ہے۔ حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کے سبب ڈالر کی اڑان مسلسل جاری ہےجس سے مہنگائی کا مزید طوفان تباہی مچائے گا۔متن کے مطابق ڈالر مہنگا ہونے سے ہر چیز مہنگی ہوگی۔ 4ماہ میں ڈالر ساڑے 10 فیصد مہنگا ہوا ہے۔لہذا یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ فوری طور پر پاکستان روپے کو مستحکم کرے۔