سوہنا لاہور پراجیکٹ اور وزیر اعظم عمران خان

07:29 PM, 15 Sep, 2021

شازیہ بشیر
لاہور ( پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں میں پیش رفت خصوصا سوہنا لاہور پراجیکٹ اور دیگر اقدامات پر جائزہ اجلاس۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل، صوبائی وزیر صنعت محمد اسلم اقبال، صوبائی وزیر بلدیات میاں محمودالرشید، صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر لاہوراور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبہ بھر میں تمام متعلقہ صوبائی اداروں کی طرف سےصاف پانی کی فراہمی،صحت کے شعبے کے علاوہ مرکزی شاہراہوں کی تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش پر خصوصی طور پر توجہ دی جا رہی ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایل ڈی اے، لاہور کی مرکزی اور چھوٹی شاہراہوں میں اگلے چھ ماہ میں مرمت اور تزئین و آرائش کا کام مکمل کرے گی۔ واسا صاف پانی کی فراہمی کے علاوہ بارش کے پانی کی سٹوریج کے لئے واٹر ٹینکس اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس لگانے پر ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہا ہے۔ بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں سرکاری ہسپتالوں میں صحت کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور صحت کارڈ کی موثر فراہمی کے لیے تن دہی سے کام کیا جا رہا ہے۔ کمشنر لاہور نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سوہنا لاہور پلان کے تحت شہر میں آلودگی صفائی اور دیگر انتظامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں آلودگی کے مسائل کے حل کے لیے شجرکاری پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ لاہور میں شجر کاری کی ترغیب کے لیے پلانٹ فار لاہور کے نام سے مہم شروع کرنے کی ہدایت کی۔ حکومت کے عوامی فلاح کے منصوبوں اور دیگر اقدامات، اور شجر کاری کی اہمیت کے بارے میں عوامی آگاہی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ اسکولوں میں شجرکاری کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔ ہدایت کی کہ لاہور کو عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں، آلودگی کے مسائل کے حل اور شجرکاری میں اضافے کے ذریعہ اس کے قدرتی خوشگوار ماحول کو بحال کیا جائے۔
مزیدخبریں