وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے 8گھنٹوں میں 6 شہروں کے طوفانی دورے

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے 8گھنٹوں میں 6 شہروں کے طوفانی دورے
لاہور ( پبلک نیوز) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے براستہ سڑک ملتان جاتے ہوئے 8گھنٹوں میں 6 شہروں کے طوفانی دورے کیے۔ و زیر اعلی عثمان بزدار نے ستگھرہ، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی، میاں چنوں اور خانیوال کے دورے کیے۔ شہروں کی صورتحال کا جائزہ لے کر انتظامیہ کو صفائی، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امور کے بارے میں مو قع پر ہدایات جاری کیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اوکاڑہ کے نواح میں ستگھرہ پہنچے اور میر چاکر اعظم رند کے مقبرے کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے میر چاکر اعظم رند کے مقبرے کی بحالی کے پراجیکٹ کا جائزہ لیا اور تعمیراتی سرگرمیوں کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے میر چاکر اعظم رند کے مقبرے پر چادر چڑھائی،فاتحہ خوانی کی اور ملک کے استحکام، سلامتی اور ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے میر چاکراعظم رند کے مقبرے کو اصل حالت میں بحال کیا ہے۔مقبرے کی تزئین و آرائش کے لیے پنجاب حکومت نے ہر طرح کے وسائل فراہم کیے ہیں اور پنجاب حکومت کا یہ اقدام بلوچ قوم کے لیے یکجہتی اور بھائی چارے کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ قوم میر چاکر اعظم رند سے خصوصی لگاؤ اور عقیدت رکھتی ہے۔پنجاب حکومت نے میرچاکر اعظم رند کے مقبرے کو بحال کرکے بلوچستان میں بسنے والے بہن بھائیوں کو خیرسگالی کا پیغام دیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ہم دلوں کو جوڑ رہے ہیں اور اس اقدام سے بین الصوبائی ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا۔بلوچستان میں بسنے والے بہن بھائیوں کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ صوبائی وزیر اعجاز عالم، تحریک انصاف کے رہنما اور عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کیپٹن (ر) علی اعجاز نے میر چاکر اعظم رند کے مقبرے کی تزئین و آرائش کے بارے میں بریفنگ دی۔ فنکاروں نے روایتی بلوچی رقص پیش کیا۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے فنکاروں کی پرفارمنس کو سراہا۔ بعد ازاں وزیر اعلی عثمان بزدار نے اوکاڑہ میں صفائی کے انتظامات اوردیگرسہولتوں کا جائزہ لیا۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے صفائی کے اچھے انتظامات پر ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ علی اعجاز کی کاکردگی کی تعریف کی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ صفائی کے عمدہ اقدامات پر متعلقہ ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ اوکاڑہ شہر میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سول ریسٹ ہاؤس اوکاڑہ پہنچے اورلان میں ” سلور اوک پام“ کا پودا لگا کر مون سون شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔وزیر اعلی عثمان بزدار سے سول ریسٹ ہاؤس میں اوکاڑہ کے پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی۔وزیر اعلی عثمان بزدار کو پاکستان تحریک انصاف اوکاڑہ کے ٹکٹ ہولڈرز نے عوامی مسائل اور مطالبات سے آگاہ کیا۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے عوامی مسائل کے جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر کہا کہ یکساں ترقی کے ویژن کے تحت اوکاڑہ سمیت ہر شہر کو ترقی کے عمل میں شامل کیا جائے گا۔اضلاع میں عوامی مسائل حل کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج لا رہے ہیں۔ اوکاڑہ کے عوام کی ضروریات اور مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین ڈویلپمنٹ پیکیج لائیں گے۔ترقی کے عمل میں تیزی لائیں گے اور اوکاڑہ کو پی ٹی آئی کامضبوط گڑھ بنائیں گے۔ صوبائی وزیر اعجاز عالم، ٹکٹ ہولڈر اشرف سوہنا اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اوکاڑہ کے بعد ساہیوال پہنچے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار کی زیر صدارت سرکٹ ہاؤس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے ساہیوال ڈویژن میں امن و امان کی صو رتحال اور ترقیاتی منصوبو ں کا جائزہ لیا۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو پرامن ماحول کی فراہمی کے لیے پولیس بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے۔ ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں شفافیت کے ساتھ مکمل کیے جائیں۔ تعمیراتی منصوبوں کے معیار میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ترقیاتی منصوبے جلد ازجلد مکمل کیے جائیں۔تعمیراتی معیار کو یقینی بنانے کے لیے ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے گا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے ساہیوال سمیت صوبہ بھر میں ویکسینیشن کا عمل تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بھروقت ویکسینیشن کورونا سے بچاؤمیں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔ کورونا مثبت کیسوں کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے، شہری احتیاط کریں۔ انہوں نے کہا کہ ماسک اور سماجی فاصلہ اختیار کر کے کورونا سے بچاؤ ممکن ہے۔ ملتان جاتے ہوئے ساہیوال کا اچانک دورہ کیا اور شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی اور دیگر امور کا جائزہ لیااور صفائی کی صورتحال کو مزید بہتربنانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے ساہیوال شہر کی سڑکوں کی تعمیرومرمت جلد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ساہیوال اور دیگر شہرو ں کے عوام کو بہترمعیارزندگی فراہم کرنا چاہتے ہیں۔شہری علاقوں میں نکاسی آب کی سہولتوں کو بہتربنایا جا رہا ہے اور اے ڈی بی کی معاونت سے ساہیوال میں میونسپل سروسز میں بہتری لا رہے ہیں۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملتان جاتے ہوئے اچانک چیچہ وطنی شہر کا رخ کر لیا اور مختلف علاقوں کا جائزہ لیا۔وزیر اعلی چیچہ وطنی شہر میں صفائی کی ناقص صورتحال پر برہم ہو گئے۔ انہوں نے چیچہ وطنی شہر میں سڑکوں کی خراب صورتحال پر بھی اظہار برہمی کیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدارنے چیچہ وطنی کے بعض علاقو ں میں پانی کھڑا دیکھ کر خفگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے پانی کی فوری نکاسی کے حکم پر عمل کیا جائے۔وزیر اعلی نے کہا کہ چیچہ وطنی شہر کی سڑکوں کا پیچ ورک جلدی مکمل کیا جائے۔ چیچہ وطنی سمیت ہر شہر میں صفائی کی صورتحال میں خرابی ہرگز برداشت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کی آمد پر پانی کا چھڑکاؤ”آئی واش“(بصری دھوکا) ہے۔ ڈرامے ماضی میں چلتے تھے، ایسے ڈرامے برادشت کرتا ہوں نہ کروں گا۔وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا ملتان جاتے ہوئے میاں چنوں شہر کا دورہ کیا اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ اور شہری سہولتوں کا بھی مشاہدہ کیا۔ عثمان بزدار نے صفائی کی تسلی بخش صورتحال پر انتظامیہ کو شاباش دی اور کہا کہ میاں چنوں میں صفائی کے انتظامات اور سٹرکوں کی اچھی صورتحال پر دلی خوشی ہوئی ہے۔میں آج مختلف شہروں کے دورے کر رہا ہوں۔عوام کے مسائل کا حقیقی ادراک فیلڈ وزٹ سے ہوتا ہے۔ملتان جاتے ہوئے ابھی مزید شہروں کے وزٹ کروں گا۔ سردار عثمان بزدار نے خانیوال میں پیپلز کالونی اوردیگر علاقوں کا دورہ کیا اور خانیوال شہر میں صفائی کی صورتحال پر اظہار اطمینان کیا۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے خانیوال شہرمیں صاف ستھری اور عمدہ سڑکیں دیکھ کر سراہا اور کہا کہ خانیوال میں صفائی اور سڑکوں کی صورتحال دیکھ کر اطمینان ہوا۔خانیوال کے ڈپٹی کمشنر اورانتظامیہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ خانیوال سمیت ہر شہر کو صاف ستھرا دیکھنا چاہتا ہوں۔شہروں میں صفائی بنیادی ضرورت ہے، فرض شناس ورکروں کوسراہتاہوں۔ہر ضلع میں جا کر صفائی اور دیگر امور کا خود جائزہ لوں گا۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے سرکٹ ہاؤس خانیوال پہنچے اور لان میں پودا لگا کر مون سون شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔وزیر اعلی عثمان بزدارنے سرکٹ ہاؤس خانیوال میں پی ٹی آئی کے عہدیداروں اور کارکنان سے ملاقات کی۔وزیر اعلی نے اس موقع پر خانیوال کے عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔چیف وہپ پنجاب اسمبلی عباس علی شاہ، ڈپٹی کمشنر خانیوال ظہیر عباس شیرازی اوردیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار آج نیو ملتان میں وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک کی رہائش گاہ پہنچے اورصوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک کے بڑے بھائی حاجی ملک عطا محمد کے انتقال پر سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے غمزدہ خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔چیف وہیپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار دوران سروس انتقال کر نے والے سرکاری ملازمین کے لواحقین کی آواز بن گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دوران سرو س انتقال کرنے والے سرکاری ملازمین کے لواحقین کو ملازمتیں دینے میں تاخیر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لواحقین کو ملازمتیں دینے کے حوالے سے کیسوں کو زیر التواء رکھنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام انتظامی محکموں اور فیلڈ فارمیشنز سے پنجاب سول سرونٹس رولز 1974 کے رول 17۔ اے کے تحت زیر التواء کیسوں کی رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ رول 17۔اے کے تحت دوران سروس انتقال کرنے والے سرکاری ملازمین کے لواحقین ملازمت کا قانونی حق رکھتے ہیں۔ملازمت میں تاخیر سے لواحقین اپنے جائز حق سے محروم ہوتے ہیں۔ایسے معاملات میں تاخیرکسی صورت قابل قبول نہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے زیر التواء کیسوں کو جلد نمٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ قواعدوضوابط کے تحت زیر التواء کیسوں کو ایک ماہ کے اندر نمٹایا جائے اور زیر التوا ء کیسوں کے بارے میں فیصلے کرکے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس پیش کی جائے۔ وزیر اعلیٰ آفس کی جانب سے پنجاب سول سرونٹس رولز 1974 کے رول 17۔ اے کے تحت تقرری کے لیے مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے راولپنڈی میں شدید بارش اور نالہ لئی میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور ریسکیو 1122 تمام انتظامات مکمل رکھیں اور امدادی سرگرمیوں کے لیے ہمہ وقت تیار رہا جائے۔ وزیراعلیٰ نے نشیبی علاقوں سے فوری پانی نکالنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نکاسی آب کے لیے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ضروری مشینری کے ذریعے نکاسی آب کو کم سے کم وقت میں یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں ہونا چاہیئے۔ نکاسی آب کی سرگرمیوں میں غفلت قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔ افسران دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے خود فیلڈ میں نکلیں اور نکاسی آب کے کام کی نگرانی کریں۔ وزیراعلیٰ نے نشیبی علاقوں سے پانی کا اخراج مکمل کرنے کی رپورٹ بھی طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں ائیر آفیسر کمانڈنگ سنٹرل ائیر کمانڈ،ایئر وائس مارشل ظفر اسلم نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور خدمات کو سراہا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پاک فضائیہ کے جانبازوں کی شجاعت اور بہادری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہپاکستان ائیر فورس کے شاہین قوم کے ہیروہیں۔ایئرفورس کے جوانوں نے ملک کی فضا ئی سرحدوں کی ہمیشہ بہادری سے حفاظت کی ہے اور قوم کو پاک فضائیہ کے شاہینوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے جب بھی ملک پر میلی نظر ڈالی تو پاک فضائیہ کے بہادروں نے منہ توڑ جواب دیا۔ پاک فضائیہ کا شمار دنیا کی بہترین فضائی فورسز میں ہوتا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ قومی تعمیر کے شعبوں میں پاک فضائیہ کے بہترین کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ تعلیم و صحت کے شعبوں میں بھی پاک فضائیہ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لیہ کے علاقے جمن شاہ میں ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انتظامیہ اور پولیس حکام سے حادثے کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے ستگھرہ میں قتل کیے جانے والے شخص کے لواحقین کے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے مقتول کے لواحقین کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ مقتول کے ورثاء کو انصاف دلانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے قتل میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے ڈی پی او اوکاڑہ سے قتل کے واقعہ پر فوری رپورٹ طلب کر لی۔دریں اثناء وزیر اعلی عثمان بزدار کی ہدایت پر قتل کے مدعیان کو اوکاڑہ کے سول ریسٹ ہاؤس بلایا گیا۔ڈی پی او اوکاڑہ اور ایس پی انویسٹی گیشن نے مدعی پارٹی کے موقف کو سنا اورانصاف کی یقین دہانی کرائی۔

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔