پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی آصف آفریدی کو کرپشن کے الزامات پر معطل کر دیا ہے۔ بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے سپنر کو رواں سال آسٹریلیا کے خلاف 20 رکنی ون ڈے سکواڈ کا بھی حصہ بنایا گیا تھا تاہم وہ پاکستان میں ہونے والی سیریز کا کوئی میچ نہیں کھیل سکے تھے۔ خیال رہے آصف آفریدی نے پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن میں ملتان سلطانر کے لیے پانچ میچ کھیل کر پانچ ہی وکٹیں حاصل کیں تھیں۔ پی سی بی کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ابھی تحقیقات جاری ہیں اور آصف علی پر لگنے والے الزامات کی نوعیت پر ان کی طرف سے کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔ آصف آفریدی کے خلاف تحقیقات پی سی بی کا اینٹی کرپشن یونٹ کررہا ہے اور اس حوالے سے سپنر کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے اور انہیں 14 دن کے اندر جواب دینے کا پابند بھی کیا گیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق سپنر کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا جا چکا ہے اور اس کے مکمل ہونے تک ان پر ہر قسم کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی ہوگی۔ آصف آفریدی ڈومیسٹک کرکٹ میں خیبر پختونخوا کی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہیں۔ پی سی بی کا کہنا تھا کہ آصف آفریدی کو اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر فوری طور پر معطل کیا جا رہا ہے۔