'پنجاب اور کے پی اسمبلیاں توڑیں اور الیکشن کروالیں'

'پنجاب اور کے پی اسمبلیاں توڑیں اور الیکشن کروالیں'
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نواز نے کہا ہے کہ الیکشن کی تاریخ لینا بہت آسان ہے، پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیاں توڑے اور الیکشن کروا لیں۔انہوں نے کہا کہ امید ہے الیکشن اپنے وقت پر ہونگے۔ مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس میں اپنی اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی جانب سے دائر اپیلوں کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک شخص فتنہ، انتشار اور فارن فنڈڈ ہے جس کو پاکستان کی نئی نسل کو تباہ کرنے کیلئے ڈالر دے کر لانچ کیا گیا اور وہ ملکی معیشت کی تباہی کے لیے لینڈ مائنز بچھا کر چلا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس نے جاتے جاتے خود آئی ایم ایف کی خلاف ورزی کی، پاکستان کی معیشت اس حملے سے سنبھل نہیں پائی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک پر آفت آئی ہوئی ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی کسی صوبے میں حکومت نہیں لیکن وہ ہر جگہ گئے اور خود جاکر سیلاب متاثرین کی مدد کر رہے ہیں جب کہ اس شخص نے سوشل میڈیا پر 5 ارب روپے جمع کیے اور یہ امداد بھی سوشل میڈیا پر ہی بٹ گئی۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ کہ الیکشن کی تاریخ لینا بہت آسان ہے، پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیاں توڑے اور الیکشن کروا لیں۔انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے الیکشن اپنے وقت پر ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے اس نے کال دی تھی، لیکن انقلاب ہوا میں لٹکتا رہا اور وہ واپس چلا گیا، یہ اسٹیک ہولڈر نہیں پاکستان کی تباہی ہے، یہ شخص مخالفین کے لیے نہیں ملک کے لیے خطرناک ہوگیا ہے۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے دن رات ایک کر کے سخت فیصلے لیے، شہباز شریف نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ہے، تیل اور بجلی کی قیمت بڑھانے کا فیصلہ ہوتا ہے میں اسکو سپورٹ نہیں کرتی، عوام کو بجلی کے بہت بھاری بل آئے ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔