صدر مملکت اور وزیراعظم کا جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کیلئے پختہ عزم کا اعادہ

صدر مملکت اور وزیراعظم کا جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کیلئے پختہ عزم کا اعادہ
کیپشن: صدر مملکت اور وزیراعظم کا جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کیلئے پختہ عزم کا اعادہ

ویب ڈیسک: صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان نے جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے پختہ اور غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج جمہوریت کا عالمی دن منایا جارہا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد جمہوریت کو فروغ دینا اور لوگوں میں مضبوط جمہوری اداروں کی اہمیت کے بارے میں شعور پیدا کرنا اور لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں مدد کرنا ہے۔

یہ دن پہلی مرتبہ 2008 ءمیں منایا گیا تھا اوراس کے بعد سے یہ ہر سال تسلسل کے ساتھ منایا جا رہا ہے جبکہ جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے اہم پیغامات جاری کیے ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری
جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ قوم کو درپیش موجودہ چیلنجز کا حل متحرک اور فعال جمہوری عمل میں مضمر ہے، انہوں نے پاکستان میں جمہوریت کو مستحکم کرنے کے لئے جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے، ضروری اصلاحات کرنے اور اجتماعی طور پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر نے واضح کیا کہ مصنوعی ذہانت شفافیت کو بڑھانے، احتساب اور سرکاری انتظامیہ کی استعداد کار کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔

آصف زرداری نے جمہوریت کے تحفظ، عوامی تحفظات کو دور کرنے اور عوام کی شمولیت کے لیے پالیسیوں کی تشکیل کو یقینی بنانے میں پاکستانی پارلیمنٹ کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے جمہوریت کے عالمی دن کے پر اپنے پیغام میں کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی اور فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، حکومت کا آئینی اقدارکی پاسداری ، جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کا عزم غیر متزلزل ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جمہوری اقدار پر عملدرآمد ہمارے قومی طرزِ عمل کی عکاسی کرتا ہے، منصفانہ، مساوی اور جامع عالمی معاشرے کے لیے کوششیں جاری رکھنےکا عزم کرتے ہیں، باہمی تعاون سے ہی ہم جمہوریت کی بنیادوں کو مضبوط کرسکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
عالمی یومِ جمہوریت پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ جمہوریت زندہ باد، پاکستان پائندہ آباد، جمہوریت کے تحفظ کیلئے محمد نواز شریف سمیت تمام جمہور پسند رہنماؤں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، مسلم لیگ ن نے ہی جمہوری اقدار کی پاسداری کرتے ہوئے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے جمہوریت ناگزیر ہے، معاشی اور سیاسی استحکام صرف توانا جمہوریت ہی لا سکتی ہے، جمہوریت محض طرزِ حکومت نہیں، بلکہ عوام کی طاقت، حقوق اور انکی خدمت کا نظریہ ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ جمہوریت عوام کو اپنے نمائندوں کے ذریعے خود فیصلہ کرنے کا اختیار دیتی ہے، جمہوریت کے استحکام سے ہی ملک میں ترقی اور خوشحالی آتی ہے، جمہوریت کا نظام آگے بڑھنے کا راستہ دکھاتا ہے، جمہوریت معاشرتی انصاف کی ضمانت اور عوامی خوشحالی کا ذریعہ ہے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے اپنے پیغام میں کہا کہ روشن مستقبل جمہوری عمل کے تسلسل اور اداروں کے استحکام سے جڑا ہے، ہمیں باہمی اختلافات بھلاکر جمہوری اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا، ماضی میں باربار جمہوری عمل میں تعطل پیدا کیا گیا، جمہوری عمل میں تعطل سے سیاسی عدم استحکام،معاشی بدحالی پیدا ہوئی۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہم سب کومل کرجمہوری عمل کے فروغ اورمعاشی ترقی کے لیے کام کرنا ہوگا، ترقی کا کوئی بھی شعبہ ہو آج عالمی مسابقت میں پاکستان بہت پیچھے ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہمیں محنت، جدت، معیار اور علم پرمبنی معیشت کو فروغ دینا ہوگا، ہمارا پختہ عزم ہےکہ پاکستان کو2035 تک 1 ہزارارب ڈالرکی معیشت بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ اس عمل کی تکمیل کے لیے جمہوری استحکام اورپالیسیوں میں تسلسل کی ضرورت ہے، جمہوری عمل ترقی کےساتھ مربوط کرنا ہوگا،یہی بقا اورکامیابی کا راستہ ہے۔

Watch Live Public News