ضمنی انتخابات: وفاقی ،  پنجاب حکومت نے پری پول دھاندلی شروع کر دی ہے، عمر ایوب

ضمنی انتخابات: وفاقی ،  پنجاب حکومت نے پری پول دھاندلی شروع کر دی ہے، عمر ایوب

(ویب ڈیسک )  سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب نے کہا ہے کہ 21 اپریل کو ضمنی انتخابات ہونے جا رہے ہیں، وفاقی   اور پنجاب حکومت نے اس پر پری پول دھاندلی شروع کر دی ہے۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا  کہ  پی پی 36 پر احمد چھٹہ کے بھائی فیاض چھٹہ انتخابات لڑ رہے ہیں، احمد چھٹہ نے یہ سیٹ 38 ہزار سے زائد لیڈ کے ساتھ جیتی، اس وقت چھٹہ ہاؤس کے باہر پنجاب پولیس نے قیدی وین لگائی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  ریلی نکالنے کی درخواست دی اس کی بھی اجازت نہ دی گئی، 250 سے زائد ورکرز کی موٹر سائیکلز کو ضبط کر لیا گیا، کارنر میٹنگ کے لیے گئے تو پولیس نے چھاپہ مار کر 500 کارکنان کو زدو کوب کیا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ  ڈاکٹر عثمان آئی جی پنجاب ایک کرپٹ آدمی ہے، آئی جی اپنی فورس کا تحفظ بھی نہیں کر سکتا۔ آر پی او شیخوپورہ کو وزیرآباد کا چارج دیا گیا ہے۔

عمر ایوب نے بتایا کہ  ڈی جی اینٹی کرپشن سہیل ظفر چھٹہ ہمارے امیدوار کے مخالف کا قریبی رشتہ دار ہے، کرپٹ ترین انتظامیہ اپنے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔ یہ سب پنجاب کے دیگر حلقوں میں بھی ہونے جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  چیف الیکشن کمشنر آج کل برازیل کے مزے لینے گئے ہیں، چیف الیکشن کمشنر کو کینیڈا کا سفیر لگانے کا وعدہ کیا گیا ہے۔

سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی نے کہا کہ  کئی پولنگ بوتھ 30 کلو میٹر دور بنا کر پری پول دھاندلی کا آغاز کیا گیا ہے۔ پاکستان اس طرح کی دھاندلی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

Watch Live Public News