میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کی متعدد رہائشگاہوں پر بااثرافراد کا قبضہ ہونے کا انکشاف

میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کی متعدد رہائشگاہوں پر بااثرافراد کا قبضہ ہونے کا انکشاف
کیپشن: Disclosure of possession of several residences of Metropolitan Corporation Lahore by influential persons

پبلک نیوز: (دانش منیر) میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کی کالونی کے دو بنگلوں اور متعدد رہائشگاہوں پر بااثر افسروں و کلرکوں کا قبضہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے  مطابق ایڈمنسٹریٹر اور چیف آفیسر ایم سی ایل غیر قانونی قابضین سے ایم سی ایل کی رہائشگاہیں واگزار کروانے میں ناکام رہے ہیں۔ ایم سی ایل کالونی کے دو کنال کے بنگلہ پر سابق چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل کی بیٹی سارہ حیات غیر قانونی طور پر قابض ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کمیشن سارہ حیات نے بطور اے سی کینٹ تعیناتی کے دوران اپنا اثر و رسوخ استعمال کرکے ایم سی ایل کی رہائشگاہ الاٹ کروائی۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے ایک نمبر بنگلہ پر سابق ڈائریکٹر ایڈمن امین اکبر چوپڑا ریٹائرمنٹ کے بعد بھی غیر قانونی طور پر قابض ہیں۔

میٹروپولیٹن کارپوریشن کی 10 نمبر رہائشگاہ پر پی ایم ایس آفیسر عبدالرؤف مہر قابض ہیں۔ ایم سی ایل کالونی میں ڈی ایم او مصطفیٰ معظم کو الاٹ ہونے والی 8 نمبر رہائشگاہ پر ڈی سی آفس کے ماتحت بااثر تحصیلدار محمد ندیم کا قبضہ ہے۔

ایم سی ایل کالونی کی 7 نمبر رہائشگاہ پر ڈی سی آفس کے سپرنٹنڈنٹ اقبال شاہ نےغیر قانونی قبضہ کررکھا ہے۔ اعلی افسروں کے چہیتے کئی کلرکس کو بھی خلافِ میرٹ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی رہائشگاہیں الاٹ ہیں۔

ایم سی ایل کی دوکنال پر محیط 6 نمبر رہائشگاہ کلرک قیصر حنیف کو الاٹ ہے۔ کئی اہل افسروں کو نظر انداز کرکے اسسٹنٹ فائرمین عمران اشرف رامے کو دوکنال رقبہ پر محیط 11 نمبر رہائشگاہ الاٹ ہے۔

 چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور رابطہ کےباوجود مؤقف دینے سے گریزاں ہیں۔

Watch Live Public News

سیکرٹریٹ رپورٹر

 نوجوان نسل کے نمائندہ رپورٹر اور تحقیقاتی رپورٹنگ کو ہی اصل صحافت کا جوہر مانتے ہیں۔

سول بیوروکریسی کی چالوں اور کہہ مکرنیوں سے اچھی طرح واقف ۔۔۔ اپنی اسٹوریز کے لئے  سیکرٹریٹ کی غلام گردشوں سے لے کر دھول سے اٹے ریکارڈ رومز کی خاک چھاننے کو کبھی گراں نہیں جانا۔