پاکستان ، سعودی عرب کے درمیان سرمایہ کاری  بڑھائیں گے،سعودی وزیرخارجہ

پاکستان ، سعودی عرب کے درمیان سرمایہ کاری  بڑھائیں گے،سعودی وزیرخارجہ

(ویب ڈیسک ) سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے  کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سرمایہ کاری  بڑھائیں گے.

وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی ۔اس دوران وزیر خارجہ اسحق ڈار نے کہا کہ  سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے مشکور ہیں، پاکستانی حکومت اور عوام میں سعودی عرب کا احترام ہے۔

انہوں نے کہا کہ  آج سعودیہ کو باضابطہ طور پر ایس آئی ایف سی سے آگاہ کیا گیا، پاکستان سرمایہ کاری کا مرکز بننا چاہتا ہے، پاکستان سعودی سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کرے گا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ  2.5ملین پاکستانی سعودی عرب میں روزگار کما رہے ہیں، پاکستان میں آئی ٹی،معدنیات میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ غزہ میں نسل کشی بند کی جائے، فلسطینی بھوک سے مر رہے ہیں،عالمی ضمیر کو جاگ جانا چاہیے، پاکستان کو مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش ہے۔

سعودی وزیرخارجہ نے دورہ پاکستان کو مثبت قرار دے دیا۔ سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ  دورہ پاکستان پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سرمایہ کاری  بڑھائیں گے،  آئندہ چند ماہ میں پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کی طرف پیش رفت ہوگی۔

سعودی وزیرخارجہ نے کہا کہ سرمایہ کاری سے متعلق اہم کام آئندہ چند مہینوں میں ہوگا، پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کے مواقع موجود ہیں، ہم معاشی ترقی اور علاقے کی سکیورٹی کے لیے مل کرکام کریں گے۔

فیصل بن فرحان نے کہا کہ  غزہ میں عالمی برادری جنگ بندی کرانے میں ناکام رہی، غزہ میں 33ہزار سے زائد فلسطینی شہیدہوچکے، عالمی برادری غزہ میں جنگ بندی کرائے، غزہ میں دوہرے معیار کا سامنا کررہے ہیں۔