اسلام آباد: نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ مختلف شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی میں باہمی تعاون مزید بڑھانے کے خواہشمندہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیرحماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات کی۔یواے ای سفیر نے وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ وزیراعظم نے مبارکباد کے پیغامات پر متحدہ عرب امارات کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔انہوں نے پاکستان کے معاشی اور مالی استحکام کے لئے متحدہ عرب امارات کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ مختلف شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی میں دونوں ممالک کے باہمی تعاون کو آگے بڑھانے کے لئے کام کرنے کے منتظر ہیں۔انہوں نے اس سال کے آخر میں متحدہ عرب امارات میں کوپ 28 سمٹ کی کامیابی کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کے اہم کردار پر بھی زور دیا اور توقع ظاہر کی کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت ان کی مسلسل حمایت جاری رکھے گی۔