محکمہ موسمیات کی ملک کےمختلف علاقوں میں گرج چمک کےساتھ بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی ملک کےمختلف علاقوں میں گرج چمک کےساتھ بارشوں کی پیشگوئی
کیپشن: محکمہ موسمیات کی ملک کےمختلف علاقوں میں گرج چمک کےساتھ بارشوں کی پیشگوئی

ویب ڈیسک: ملک میں نئے مون سون سپیل نے انٹری دے دی، مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے ڈوب گئے جبکہ محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ 

تفصیلا ت کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم اور سیالکوٹ میں بارش ہونے کی توقع ہے۔

نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، میانوالی، سرگودھا، فیصل آباد، مری، جھنگ، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، قصور، اوکاڑہ، لاہور، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، بھکر، خوشاب، نورپورتھل، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور، رحیم یارخان اور ڈیرہ غازی خان میں بارش کا امکان ہے۔

موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے پنجاب، سندھ اور گلگت بلتستان میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، کچے مکانات اور فصلوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔

 پنجاب
نارروال، شکر گڑھ اور جہلم سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، شکر گڑھ نالہ بئیں میں اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے لگی ہے، نالہ بئیں میں پھنسے 9 کسانوں اور چرواہوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

ادھر کاغان میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکیں بند ہو گئیں اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے، گلگت بلتستان کے کئی علاقوں میں سیلابی ریلوں کے باعث شہر سے کئی دیہاتوں کا زمینی راستہ منقطع ہو گیا، استور میں موسلادھار بارش کے باعث درجنوں مقامات کو نقصان پہنچا ہے۔

راوی میں جسڑ اور شاہدرہ کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کی وارننگ
 پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے راوی میں جسڑ اور شاہدرہ کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران 40 ہزار سے 55 ہزار کیوسک پانی گزرنے کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے پنجاب نے کمشنر گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور، ملتان اور ساہیوال ڈویژنز کو الرٹ جاری کر دیا۔

ڈپٹی کمشنرز نارووال، شیخوپورہ، لاہور، ننکانہ، قصور، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور خانیوال کو بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں، عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کریں۔

ڈی جی عرفان کاٹھیا نے کہا کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف کو الرٹ رکھا جائے، ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ کرنے کے ساتھ ساتھ عوام الناس کو موجودہ صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے۔

بلوچستان
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع کوہلو، ہرنائی، سبی، بولان، جھل مگسی اور نصیر آباد میں بارشوں اور سیلابی ریلوں سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔

پنجاب کے شہری علاقوں میں بارشوں سے سیلابی صورتحال کے متوقع خطرے کے پیش نظر وزیر اعظم شہباز شریف نے این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔

سندھ
سندھ میں لاڑکانہ، دادو، نواب شاہ اور خیرپور میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب ہیں، سیلابی ریلوں کے باعث کئی دیہات میں پانی داخل ہوگیا، رابطہ سڑکیں اور فصلیں بھی پانی میں ڈوب گئی ہیں۔

شہر قائد میں مطلع ابر آلود، موسم خوشگوار، آج بھی بوندا باندی متوقع
 شہر قائد میں مطلع ابر آلود اور موسم خوشگوار ہے جبکہ شہر میں آج بھی وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور بوندا باندی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 27 اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ اس وقت شہر میں جنوب مغربی سمت سے 12 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 

Watch Live Public News