بارش اور برفباری کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے نے مراسلہ جاری کردیا

بارش اور برفباری کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے نے مراسلہ جاری کردیا

(ویب ڈیسک )   پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں   کل رات سے گرج چمک کے ساتھ بارش ، پہاڑوں پر برفباری  کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق   صوبہ خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں کل رات سے  آئندہ بدھ کے روز تک گرج چمک کے ساتھ بارش  اور پہاڑوں پر برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

جس کے باعث چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، بونیر، اور کوہستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔ اس دوران صوبہ کے بیشتر اضلاع میں سردی کی لہر بڑھنے جبکہ رات کے اوقات میں درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو بارش اور برفباری کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے مراسلہ جاری کردیا گیا ۔ 

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ  کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ بارشوں کے دوران عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سایئن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہیں۔

پی ڈی ایم اے نے مراسلے میں  کہا  گیاہے کہ  کسان حضرات موسمیاتی پیش گوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں، حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے کے لیے احتیاتی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے۔

مراسلے  میں کہا گیا ہے کہ  حساس اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کو مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں اور سڑک کی بندش  کی صورت میں ٹریفک کے لئے متبادل راستے فراہم  کئے جائیں۔ سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ کیا جائے ۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ   پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی مکمل آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی فری ہیلپ لائن  1700 پر دیں۔

Watch Live Public News