نئی دہلی: (ویب ڈیسک) مغربی بنگال میں کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ کی اطلاع ملی ہے۔ یہاں ایک 7 سالہ بچے میں اس کی تصدیق ہوئی ہے۔ بچہ اپنے والدین کے ساتھ ابوظہبی سے انڈیا آیا جہاں اس کا کورونا پازیٹو پایا گیا۔ محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اس 7 سالہ بچے کو مالدہ کے ایک ہسپتال میں داخل جبکہ اس کے والدین کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور ان کے رابطے میں آنے والوں کا بھی سراغ لگایا جا رہا ہے۔ بچے کے والدین دونوں ٹیسٹ میں منفی پائے گئے ہیں۔ حکام نے کہا کہ 'فلائٹ میں اس کے ساتھ سفر کرنے والے لوگوں کا سراغ لگانا آسان کام نہیں ہوگا، لیکن یہ کرنا ہوگا۔ حکام پریشان ہیں کہ کورونا مثبت پائے جانے کے باوجود اسے اپنے والدین کے ساتھ سفر کرنے کی اجازت کیسے دی گئی، جبکہ اس وقت تک ان کی جینوم سیکوینسنگ کی رپورٹ نہیں آئی تھی۔ دوسری جانب انڈین ریاست تلنگانہ میں بھی اومیکرون کے دو نئے کیس درج ہوئے۔ جس کے ہندوستان میں اومیکرون کی کل تعداد اب بڑھ کر 65 ہو گئی ہے۔ اومیکرون بھارت میں 10 ریاستوں تک پہنچ گیا ہے۔ مہاراشٹر میں سب سے زیادہ کیسز پائے گئے ہیں۔ مہاراشٹریہ میں اب تک 28 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ راجستھان میں 17، کرناٹک میں 3، گجرات میں 4، کیرالہ میں 1 اور آندھرا پردیش میں 1، دہلی میں 6، تلنگانہ میں 3، مغربی بنگال میں 1 اور چندی گڑھ میں 1 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔