لاہور: پاکستان تحریک انصاف کی وکٹیں گرنےکاسلسلہ جاری ، سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ ہمایوں اختر خان نے آئی پی پی کے پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین اور صدر عبدالعلیم خان سے ملاقات کی اور دونوں قائدین پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آئی پی پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ عبدالعلیم خان اور جہانگیر ترین نے ہمایوں اختر کو پارٹی مفلر پہناتے ہوئے آئی پی پی میں خوش آمدید کہا۔ آئی پی پی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہمایوں اختر نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کر لی، 9 مئی کو شہداء کے مجسموں کو جلایا گیا، میرے لئے ممکن نہیں تھا کہ تحریک انصاف کے ساتھ مزید چلتا۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین بڑے، عبدالعلیم خان چھوٹے بھائی ہیں، ساتھیوں سے مشاورت کے بعد استحکام پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔ ہمایوں اختر خان کا مزید کہنا تھا کہ ملک غربت، مہنگائی میں پستا چلا جا رہا ہے، ہم اپنے ملک کو غربت کی زنجیروں سے باہر نکالیں گے، آئی پی پی کی قیادت سے مجھے پوری امید ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز جہانگیرترین، اسحاق خاکوانی اور عون چودھری نے ہمایوں اختر سے ملاقات کر کے انہیں پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی تھی۔ یاد رہے کہ ہمایوں اختر کچھ عرصہ قبل تحریک انصاف کو چھوڑ چکے ہیں، ماضی میں وہ ن لیگ اور ق لیگ کا بھی حصہ تھے۔