پبلک نیوز: ملک میں کورونا کے مزید 958 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ 47 افراد اس وبا کے ہاتھوں لقمہ اجل بن گئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کوویڈ 19 کے مزید 958 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، اس طرح ملک میں کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 64 ہزار 77 ہو گئی ہے۔ سندھ میں 2 لاکھ 53 ہزار 762، پنجاب میں ایک لاکھ 64 ہزار 268، خیبر پختونخوا میں 69 ہزار 990، بلوچستان میں 18 ہزار 942، اسلام آباد میں 42 ہزار 688،آزاد کشمیر میں 9 ہزار 487 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 940 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا کے 5 لاکھ 25 ہزار 997 مصدقہ مریضوں نے اس وبا کو شکست دے دی ہے جب کہ فعال مریضوں کی تعداد 25 ہزار 383 ہے۔