ریورس سوئنگ ہوتی کیا ہے؟ یہ کیسے کی جاتی ہے؟

ریورس سوئنگ ہوتی کیا ہے؟ یہ کیسے کی جاتی ہے؟
لاہور: ( پبلک نیوز) بہت سے بیٹسمین ریورس سوئنگ کا شکار بن چکے ہیں۔ مگر ریورس سوئنگ ہوتی کیا ہے؟ یہ کیسے کی جاتی ہے؟ ریورس سوئنگ اور عام سوئنگ میں کیا فرق ہے؟ ریورس سوئنگ کرنے کے لیے بال کو کس طرح شائن کیا جاتا ہے؟ ریورس سوئنگ کس پاکستانی فاسٹ بالر نے ایجاد کی تھی؟ کس پاکستانی پلیئر نے ریورس سوئنگ کا راز ایک غیر ملکی کھلاڑی کو بتا دیا تھا؟ ریورس سوئنگ کرتے وقت بالرز بال کو کیوں چھپا لیتے ہیں؟ بال ٹیمپرنگ کیا ہوتی ہے؟ بال ٹیمپرنگ اور ریورس سوئنگ کا کیا تعلق ہے؟ بال ٹیمپرنگ کن کن طریقوں سے کی جاتی ہے؟ آئیے آپ کو اس بارے میں بتاتے ہیں۔ کہتے ہیں بالرز سوئنگ کرکے گیند کو ڈانس کراتے ہیں مگر ریورس سوئنگ کرکے بیٹسمین کو ناچنے پر مجبور کر دیتے ہیں۔ یہ ہے طاقت ریورس سوئنگ کی۔ ریورس سوئنگ کا مطلب ہے بال کا الٹی سائیڈ پر سوئنگ ہوجانا، گھوم جانا یا مُڑ جانا۔ ریورس سوئنگ میں بال ہمیشہ اپنی Shiny Side کی طرف مُڑ جاتی ہے۔ گیند کی سِیم کی ڈائریکشن جس طرف ہوگی، بال اسی جانب سوئنگ ہو جائے گی۔ یعنی اگر سِیم آف اسٹمپ کی طرف ہے تو بال آف اسٹمپ کی جانب جائے گی اور اگر سِیم کا رُخ ہے لیگ اسٹمپ کی طرف تو یہ لیگ اسٹمپ کی طرف سوئنگ ہوگی۔ اسے کہتے ہیں نارمل سوئنگ۔ اصل میں بال جب بھی نئی ہو تو ہمیشہ سوئنگ ہوتی ہے بس صرف اسے Direction دینا ہوتی ہے۔ لیکن اگر بال پرانی ہو جائے تو سوئنگ ہونا بند کر دیتی ہے۔ مگر جس بالر کو ریورس سوئنگ کا آرٹ آتا ہو وہ اسے عام سوئنگ سے بھی زیادہ خطرناک سوئنگ یعنی ریورس سوئنگ کر الیتا ہے۔ ریورس سوئنگ کرنے کے لیے بال کی ایک سایئڈ کو خوب چمکایا جاتا ہے۔ جبکہ دوسری سائیڈ کو بالکل رف رکھا جاتا ہے۔اسے بالکل نہیں چمکاتے۔ اس میں ہوتا یہ ہے کہ اگر بال کی سِیم پوزیشن آف اسٹمپ کی طرف ہو مگر اس کی Shiny Side لیگ اسٹمپ کی جانب تو بال آؤٹ سوئنگ ہونے کے بجائے اِن سوئنگ ہوگی۔یعنی آف اسٹمپ کی طرف جانے کے بجائے لیگ اسٹمپ کی طرف یعنی اندر آجائے گی۔ اگر سِیم پوزیشن اِن سوئنگ کی ہو مگر بال کی Shiny Side آف اسٹمپ کی جانب تو بال آؤٹ سوئنگ ہو جائے گی۔ اسے کہتے ہیں ریورس سوئنگ۔ نارمل سوئنگ میں بیٹسمین کو بال کی سِیم دیکھ کر پتا لگ جاتا ہے کہ بال اِن سوئنگ ہوگی یا آؤٹ سوئنگ۔ لیکن جب بال ریورس ہو رہی ہو تو بالر کی نظر سِیم کے بجائے اس کی Shiny Side پر ہوتی ہے۔ اور اگر بالر بال چھپا لے تو بیٹسمین کو پتا ہی نہیں چلتا کہ بال کدھر کو سوئنگ ہوگی۔ اندر آئے گی یا باہر کو نکلے گی؟ اور پھر بیٹسمین کے چھکے چھوٹ جاتے ہیں۔ اسی لیے بالرز ریورس کراتے ہوئے گیند کو چھپا لیتے ہیں تاکہ Shiny Side کا پتا نہ چل سکے اور ریورس سوئنگ پکڑی نہ جا سکے۔ ریورس سوئنگ کو پاکستان کے گریٹ فاسٹ بالر سرفراز نواز نے ایجاد کیا تھا ۔ انہوں نے یہ آرٹ عمران خان سمیت دوسرے پاکستانی بالرز کو سکھایا اور پھر عمران خان نے اسے وسیم اکرم، وقار یونس، عاقب جاوید اور دوسرے بالرز کو بتایا۔ جب سرفراز نواز نے ریورس سوئنگ ایجاد کی تو کرکٹ کی دنیا میں تہلکہ مچ گیا۔ سب ملکوں کے بالرز حیران تھے کہ پاکستانی بالرز کی بال تو ریورس ہوتی ہے، ہماری کیوں نہیں۔ وہ بار بار ہماری ٹیم سے پوچھتے مگر کوئی یہ راز نہ بتاتا۔ اور ایک دن پاکستانی آل راؤنڈر مدثر نذر کو پتا نہیں کیا سُوجھی کہ انہوں نے ایک غیر ملکی کھلاڑی کو اصل بات بتا دی۔ مدثر نذر نے بتایا کہ ہم لوگ بال کی صرف ایک سائیڈ کو Shine کرتے ہیں اور وہ بھی بہت زیادہ۔ جبکہ دوسری سائیڈ کو نہیں چمکاتے۔ یوں یہ راز کھل گیا۔ اصل میں پاکستانی کھلاڑیوں کے علاوہ دوسرے ملکوں کے پلیئرز بال کی دونوں سائیڈز کو چمکایا کرتے تھے تاکہ یہ زیادہ اوورز تک نئی رہے اور عام سوئنگ ہو سکے۔ خیر یہ راز تو کھل گیا مگر آج تک صرف پاکستانی بالرز ہی کو ریورس سوئنگ پر کمانڈ ہے۔ باقی دنیا کے بالرز ریورس سوئنگ کر تو لیتے ہیں مگر ہمارے لیول کی نہیں۔ بال کی کو مسلسل چمکانے سے وہ بھاری بھی ہو جاتی ہے۔ جب یہ بال ڈیلیور کی جاتی ہے تو ہوا اس کے دونوں جانب پریشر ڈالتی ہے۔ Shiny Side چونکہ بھاری،Smooth ، ہموار اور ملائم ہوتی ہے اس لیے ہوا اس پر سے Slip ہو جاتی ہے۔ جبکہ بال کی دوسری سائیڈ ہلکی، رف اور کھردری ہونے کی وجہ سے بال اس پر سے slip نہیں ہوتی کیونکہ اس پر friction یعنی رگڑ زیادہ ہوتی ہے۔ اس کا رزلٹ یہ ہوتا ہے کہ ہوا اس رف سائیڈ پر جمع ہو جاتی ہے اور بال کو دوسری سائیڈ پر Push کردیتی یعنی دھکیل دیتی ہے۔ یوں بال Shiny Side کی طرف Move ہو جاتی ہے یعنی کہ ریورس ہو جاتی ہے۔ اور یہ بھی جان لیں کہ یہ ریورس سوئنگ ہی ہے جس کی وجہ سے بال کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی جاتی ہے اور اسے کہتے ہیں بال ٹیمپرنگ۔ بال ٹیمپرنگ کرتے وقت بال کی شائینی سائیڈ کو کسی لوشن ، کریم یا کسی اور میٹیریل سے چمکایا جاتا ہے یا پھر رف سائیڈ کو چُھپ چُھپا کر ناخن وغیرہ سے مزید کُھردرا بنایا جاتا ہے۔ یوں Shiny Side زیادہ شائن ہو جائے تو بھی بال زیادہ ریورس ہوگی۔