اسلام آباد ہائیکورٹ نےشیخ رشید کی ضمانت منظور کرلی، رہائی کا حکم

اسلام آباد ہائیکورٹ نےشیخ رشید کی ضمانت منظور کرلی، رہائی کا حکم
اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیدیا ہے ۔ تےتفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی جس میں سابق وزیر کے وکیل سلمان اکرم راجا، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر جدون اور ایس ایچ او آبپارہ عدالت میں پیش ہوئے ۔ شیخ رشید کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے بتایا کہ ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست ہے، ایڈیشنل سیشن جج نے ایک الزام کی بنا پرضمانت خارج کی ہے ، اس پر عدالت نے پوچھا کیا کہ الزام کیا لگایا گیا ہے ؟ سلمان اکرم نے جواب دیا کہ نیوز چینل پر بیان دکھایا گیا ہے کہ جس کی بنا پر مقدمہ درج کیا گیا ہے ، شیخ رشید اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں قید ہیں ۔ عدالت نے استفسار کیا کہ شیخ رشید نے الزام کیا لگایا ہے؟ کسی نیوز چینل پر بیان ہے؟ اس پر شیخ رشید کے وکیل نے بتایا کہ جی انہوں نے ایک بیان دیا جو نیوز چینلز پر نشر ہوا لیکن شواہد میں ایسا کچھ بھی نہیں ہے کہ بیان سے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان تصادم ہو ۔ سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر جدون نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے یہ کہا کہ شیخ رشید سینئر سیاستدان ہیں، ان کی گفتگو پارلیمانی ہونی چاہیے اس پر عدالت کا کہنا تھا کہ سب ایک ہی قسم کی گفتگو کرتے ہیں، سب پارلیمانی ہے، جج کے ریمارکس پرعدالت میں قہقہے لگ گئے۔ جہانگیر جدون نے بتایا کہ شیخ رشید نے وزیرداخلہ اور بلاول بھٹو زرداری کو گالیاں دیں ہیں ، اس پر سلمان اکرم کا کہنا تھا کہ یہ کیس ہی نہیں ہے جو ایڈووکیٹ جنرل بیان کررہے ہیں ۔ اس موقع پر تفتیشی افسر نے عدالت میں بیان میں کہا کہ شیخ رشید کے بیان کی تفصیلات پیمرا سے حاصل کی گئیں ہیں ، انہوں نے یہ بیان دیا ہے کہ انہوں نے سابق وزیر اعظم عمران خان سے یہ انفارمیشن لی ، آصف زرداری کی عمران خان کے خلاف مبینہ سازش کے شواہد شیخ رشید سے نہیں ملے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا ۔بعدازاں عدالت نے کچھ دیر بعد فیصلہ سناتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی ضمانت منظور کر لی ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے پچاس ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض شیخ رشید کی رہائی کا حکم جاری کیا ہے ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔