ویب ڈیسک: لاہور کے گردونواح اور دیگر شہروں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور موسم خوشگوار ہوگیا ہےجبکہ محکمہ موسمیات نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں مزید موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے۔
تفصیلا ت کے مطابق لاہور کے علاوہ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بھی تیز بارش ہوئی، سانگلہ ہل شہر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کے باعث بجلی غائب ہوگئی جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
لاہور کی فضا میں نمی کاتناسب 75 فیصد ہے،لا ہور کا درجہ حرارت 33 سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، لاہور میں بارش ہے بعد ایئر کوالٹی انڈکس میں قدرے بہتری آئی ہے جبکہ لاہور میں ائیر کوالٹی انڈکس 134 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق قصہو، ننکانہ صاحب، جھنگ، صفدر آباد اور اس کے مضافات میں بھی بادل خوب برسنے سے موسم بدل گیا، گرمی سے ستائے لوگوں کے چہرے کھل اٹھے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کی وجہ سے اسلام آباد میں گرمی کی شدت میں کمی آ گئی ہے اوراسلام آباد میں چند مقامات پر موسلادھار بارش اورژالہ باری کا امکان ہے۔مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، تلہ گنگ، گوجرانوالہ، لاہور، قصور، فیصل آباد، اوکاڑہ، نارووال، شیخوپورہ، سرگودھا، میانوالی اور خوشاب میں بارش ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، بھکر، لیہ، جھنگ، ملتان، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، تھرپارکر اور عمر کوٹ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ چترال، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، صوابی، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، بونیر، مالاکنڈ، دیر، سوات، باجوڑ، مہمند، خیبر کوہستان، اورکزئی اورکرم میں بارش ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے کرک، بنوں، لکی مروت، وزیرستان، کوہاٹ، ہنگو، اور ڈیرہ اسماعیل خان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، گلگت بلتستان میں چند مقامات پرگرج چمک اور بارش کی توقع ہے اور آزاد کشمیرمیں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے۔
پی ڈی ایم اے/الرٹ جاری
آئندہ 24 گھنٹے میں پنجاب کے بیشتراضلاع میں تیز بارشوں کا امکان ہے۔ موسم کی صورتحال کے پیشِ نظر ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کی جانب سے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔ پنجاب کے تمام دریاؤں ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پنجاب کے تمام دریاؤں ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے، پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ 1122 سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں انہوں نے نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد از جلد ممکن بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہری احتیاط کریں بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں۔