(ویب ڈیسک ) مہنگائی کا مجموعی پارہ 34 اعشاریہ 25 فیصد کی سطح پر آگیا ، ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ 78 فیصد کمی ہوئی ۔
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران 22 اشیاء ضروریہ کے دام بڑھ گئے ہیں ، رواں ہفتے دال مونگ کی فی کلو قیمت میں 1 روپے 73 پیسے کا اضافہ ہوا، ایک ہفتے کے دوران دال ماش 1 روپے 92 پیسے مہنگی ہوئی، رواں ہفتے کے دوران بیف کی فی کلو قیمت میں 1 روپے 12 پیسے کا اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران چینی کی قیمت میں بھی معمولی اضافہ ریکارڈ کی گئی ہے، رواں ہفتے آلو،ماچس،کیلے سمیت دیگر اشیاء بھی مہنگی ہوئیں۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران چکن ،انڈے سمیت 11 اشیاء سستی ہوئیں، رواں ہفتے کے دوران انڈے 113 روپے 34 پیسے سستے ہو گئے، چکن کی فی کلو قیمت میں 19 روپے 83 پیسے کی کمی ہوئی، رواں ہفتے پیاز کی فی کلو قیمت میں 7 روپے 31 پیسے کی کمی ہوئی، ایک ہفتے کے دوران ایل پی کا گھریلو سیلنڈر،گڑ،گندم کا آٹا بھی سستا ہوا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں ہفتے میں بریڈ ،تازہ دودھ، خشک دودھ سمیت 18 اشیاء کے دام مستحکم رہے ہیں۔