دنیائے فٹبال کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی جب ایک دوستانہ میچ میں آمنے سامنے ہوں گے تو اسے براہ راست دیکھنے والے شخص کے پاس جو خصوصی ٹکٹ ہو گا اس کی قیمت ایک کروڑ سعودی ریال تک پہنچ گئی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی کے درمیان ہونے والے دوستانہ میچ کو دیکھنے کیلئے ایک خصوصی ٹکٹ کی بولی لگائی گئی ہے جو 10 ملین ریال تک پہنچ چکی ہے۔ بولی 17 جنوری تک جاری رہے گی۔ دوستانہ میچ کے خصوصی ٹکٹ کو حاصل کرنے والے شخص کو یہ موقع دیا جائے گا کہ وہ اختتامی تقریب میں شرکت کرنے کا مجاز ہو گا، ڈریسنگ روم میں داخل ہوسکے گا اور کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی سے بھی مل سکے گا۔ خیال رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی دسمبر 2020 کے بعد سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں 19 جنوری کو ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گے۔ ریاض میں کھیلے جانے والے اس دوستانہ میچ میں کرسٹیانو رونالڈو النصر کلب اور لیونل میسی پیرس سینٹ جرمن کی نمائندگی کریں گے۔